مسلم لیگ ن کی ہوا چل پڑی ہے، ترقی کا پلڑا بھاری تھا اور رہے گا، مریم نواز

جمعرات 31 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی ہوا چل پڑی ہے، کارکردگی، ترقی میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری تھا ہے اور رہے گا۔ کام کرنا مسلم لیگ ن کے علاوہ کسی کو نہیں آتا، مخالفین صرف نقل کرسکتے ہیں، جس کے لیے عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں کسانوں کے لیے 5ارب روپے کی لاگت سے 5 ہزار سپر سیڈر کی تقسیم کا آغاز کردیا، اس دوران کالا شاہ کاکو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسان میرے دل کے بہت قریب ہیں، پنجاب کی ترقی کا راستہ کھیتوں سے ہو کر گزرتا ہے۔

’میری زراعت کی ٹیم مجھ سے ایک قدم آگے چل رہی ہوتی ہے، زراعت ایسا شعبہ ہے جس کے بغیر ترقی ممکن نہیں‘۔

مزید پڑھیں: مریم نواز نے نوازشریف کینسر اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

مریم نواز نے کہا کہ اسموگ ایک اژدھا ہے جو سر اٹھاتا ہے، اسموگ کا مسئلہ حل کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے، سپر سیڈر سے اسموگ میں کمی آئے گی، سپر سیڈر سے فصلوں کی باقیات جلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

’مریم اورنگزیب کو اسموگ کے خاتمے کے لیے دن رات کام کرنے پر شاباش دیتی ہوں، اسموگ کے لیے بھارتی پنجاب میں بھی اقدامات ہوں تو دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا، اسموگ کے کنٹرول کے لیے ہر وہ قدم اٹھا رہے ہیں جو پہلے کسی نے نہیں اٹھایا‘۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ کسانوں کے لیے بہت ساری مشینری کی تقسیم کا آغاز کرچکے ہیں، جس کو مزید بڑھائیں گے۔ دی جانے والی مشینری جاپان کی ہے جس کی مالیت 60لاکھ روپے تک ہے، کسان مہنگی مشینری نہیں خرید سکتا، ہم 40 بلین کی لاگت سے پنجاب کی ہر تحصیل میں مشینری کرائے پر زیرو منافع پر دینے جا رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم زیرو پرافٹ پر ہر تحصیل میں مشینری فراہم کریں گے، ہم 4 شہروں میں ایگریکلچر مال بنانے جا رہے ہیں، جہاں معیاری بیج، کھاد اور پیسٹی سائیڈ ایک ہی چھت کے نیچے ملے گی۔

’حکومت اور کسان کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی تھی، چاہے وہ حکومت میں ہوں یا باہر ان کو فساد کی عادت ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے اسموگ کے خاتمے کے لیے بھارت کے ساتھ سفارتکاری کا عندیہ دے دیا

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ کل کسانوں کو گرین ٹریکٹرز دیے جائیں گے، ٹریکٹرز 30 سے 40 لاکھ روپے مالیت کے ہیں، 10لاکھ حکومت پنجاب ادا کرے گی۔

’ہمارے مخالفین اب باتیں کرنے لگ گئے ہیں وہ مجھ تک پہنچتی ہیں، مخالفین کہتے ہیں پنجاب آگے بڑھ رہا ہے، ترقی کررہا ہے، اور ہمارا وزیراعلیٰ جلاؤ گھیراؤ کی باتیں کررہا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، مہنگائی کم اور ملک ترقی کرنا شروع ہوگیا ہے۔ غیر ملکی سربراہان پاکستان آ رہے ہیں، ایک جمود کی فضا پھیلی ہوئی تھی، پاکستان اب اس سے باہر نکل رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp