خیبرپختونخوا میں میڈیکل ٹیچنگ اسپتالوں اور صحت کارڈ سے متعلق کرپشن اسکینڈلز معمول بن چکے ہیں۔ 10برس سے زائد میں تحریک انصاف کی مسلسل تیسری حکومت کے باوجود صوبے کو بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حال ہی میں مردان میڈیکل کمپلیکس میں ایم اوز کی بھرتیوں میں مبینہ بے قاعدگیوں کے حوالے سے تحقیقاتی اداروں کی جانب سے تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم، صوبے کے مختلف اسپتالوں میں بے قاعدگیاں پائی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما عاطف خان کو محکمہ اینٹی کرپشن نے طلب کرلیا
ذرائع کے مطابق گزشتہ 5سال کے دوران درجنوں میڈیکل افسروں کو بھرتی کیا گیا اور اس وقت کی انتظامیہ نے اس مقصد کے لیے ایک سابق پروفیسر کی خدمات حاصل کی تھیں اور ان سے بھرتی کے لیے پیپر تیار کرائے گئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ مبینہ طور پر مشکوک طریقہ کار سے ٹیسٹ کے انعقاد کے بعد منظور نظر ایم اوز کو بھرتی کیا گیا، جن میں نصف سے زائد کا تعلق ایک ہی ضلع سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اینٹی کرپشن کا نوٹس بھیجنے والوں نے اپنی حیثیت دکھا دی، عاطف خان کا آڈیو پیغام میں ردعمل
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے شکایات موصول ہونے کے بعد تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم، شکایات اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔