کراچی کے صنعتی علاقہ سائٹ میں فائرنگ، 2 چینی باشندے زخمی

منگل 5 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ اے ایریا میں غیرملکیوں اور مقامی سیکیورٹی گارڈز کے درمیان جھگڑے میں 2 چینی باشندے زخمی ہوگئے ہیں، وزیر داخلہ سندھ نے پولیس حکام کو واقعہ کی انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں چینی باشندوں پر کون کون سے بڑے حملے ہو چکے ہیں؟

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی گارڈز نے مبینہ طور پر چینی باشندوں سے تکرار کے بعد فائرنگ کرکے ایک چینی کو زخمی کردیا ہے، پولیس کے مطابق دونوں زخمیوں کو لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

دونوں زخمی چینی شہریوں کو لیاقت نیشنل اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم معائنہ کر رہی ہے، تاہم ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، جسے آپریشن تھیٹر میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ترجمان لیاقت نیشنل اسپتال ڈاکٹر امجد رضوی کے مطابق زخمی چینی باشندوں کے علاج معالجہ کی غرض سے ڈاکٹرز کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو ان کے علاج کے لیے ہر ممکن کوشش کرےگی۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر زخمی ہونے والا چینی شہری چل بسا

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈی آئی جی کراچی پولیس ساؤتھ سے تفصیلات طلب کرلیں، محکمہ داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ نے جامع انکوائری کرکے دیگر حقائق کا پتا لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے انکوائری رپورٹ سمیت پولیس کاروائی سے آگاہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعہ میں ملوث سیکیورٹی گارڈ کی گرفتاری کی ہدایات جاری کرتے ہوئے چینی ماہرین اور باشندوں سمیت غیرملکیوں کو سیکیورٹی فراہم کرنیوالی کمپنیوں کے آڈٹ کا بھی حکم دیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں چینی باشندوں پر حملہ، خودکش بمبار سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں

صوبائی محکمہ داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ نے سیکیورٹی جیسے اہم فرائض پر مامور گارڈز کے جسمانی و دماغی فٹنس ٹیسٹ کو یقینی بنانے اور ان کے ذہنی اور جسمانی ٹیسٹ کے حوالے سے سیکیورٹی کمپنیز کو پابند کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

’تربیت یافتہ اور مکمل طور فٹ سیکیورٹی گارڈ ہی سے خدمات لی جائیں اور سیکیورٹی کمپنیوں کے آڈٹ پر مشتمل رپورٹ برائے ملاحظہ ارسال کی جائے، غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی سیکیورٹی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔‘

مزید پڑھیں: چینی انجینیئرز پر حملہ: ٹوٹا موبائل کس طرح حملہ آوروں تک پہنچنے میں مددگار ثابت ہوا؟

دوسری جانب ترجمان لیاقت نیشنل اسپتال کے مطابق سائیٹ کے علاقہ میں زخمی ہونیوالے چینی باشندوں کو آئی سی یو شفٹ کردیا گیا ہے اور ان کے سی ٹی اسکین اور دیگر ٹیسٹ کر لیے گئے ہیں۔

’ڈاکٹرز کی ٹیم زخمیوں کی رپورٹ مرتب کر رہی ہے، جس کے بعد ہی غیرملکی باشندوں کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا جائےگا۔‘

واضح رہے کہ کراچی کے اسی علاقے میں 2021 میں چینی انجینیئرز کو لے جانے والی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک انجینئر زخمی ہو گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp