خیبرپختونخوا کی ’احساس نوجوان اسکیم‘: چھوٹے کاروبار کے لیے بلاسود قرضے کا بڑا منصوبہ شروع

جمعہ 8 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا حکومت نے احساس نوجوان اسکیم کے تحت  قرضوں کے حصول کے لیے آن لائن پورٹل کا اجرا کردیا۔

 پورٹل کے ذریعے نوجوان چھوٹے کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضوں کے لیے آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: کاروبار، گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض کے منصوبوں میں پیشرفت

پروگرام پر عملدرآمد کے لیے محکمہ امور نوجوانان، بینک آف خیبر اور اخوت مائکروفنانس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط۔  ہوئے۔ احساس نوجوان پروگرام 3 سالہ منصوبہ ہے جس پر 3 ارب روپے لاگت آئے گی۔

یہ پروگرام 2 حصوں پر مشتمل ہے جس پرعمل درآمد کے لیے رواں بجٹ میں ایک ارب 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پروگرام کے پہلے حصے کے تحت بینک آف خیبر کے اشتراک سے ایک ارب روپے کی لاگت سے بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔
پروگرام کے تحت 18 سے 35 سال تک کی عمر کے 3 سے 5 نوجوانوں پر مشتمل کلسٹرز کو 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

قرضے کی واپسی کے لیے 8 سالوں پر مشتمل آسان شیڈول رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیے: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا صوبے سے رشوت اور پرٹوکول کلچر ختم کرنے کا اعلان

پروگرام کا دوسرا حصہ اخوت مائیکرو فنانس بینک کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس کی لاگت 2 ارب روپے ہے۔

اس پروگرام کے تحت 18 سے 40 سال کی عمر کے افراد کو چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے لیے ایک لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اس میں نوجوان خواتین کے لیے 15 فیصد اور مخصوص افراد کے لیے2.5 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

اسی طرح دینی مدارس کے نوجوانوں کے لیے 5 فیصد اور اقلیتوں کے لیے 2.5 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے نوجوانوں کے لیے ایک اور اہم اقدام کے طور پر چیف منسٹر یوتھ انٹرن شپ پروگرام کا بھی اجرا کیا ہے۔

چیف منسٹر یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے تحت ہر سال 400 نوجوانوں کو انٹرن شپ کی سہولت مہیا کی جائے گی۔

یہ انٹرن شپ 3 ماہ پر مشتمل ہوگی جس کے دوران فی کس 25000 ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: حکومت بلوچستان کا تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو بلاسود قرضے دینے کا اعلان

16  سالوں پر مشتمل تعلیمی کیریئر یا اس کے مساوی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تسلیم شدہ ڈگری کے حامل 29 سال تک کی عمر کے نوجوان پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔

انٹرن شپ مکمل کرنے کے بعد نوجوانوں کو مختلف سرکاری اور نجی شعبوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ  علی امین خان گنڈاپور کا تقریب سے خطاب

دریں اثنا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا وژن ہے قوم کو اپنے  پاؤں پر  کھڑا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احساس نوجوان ، احساس ہنر ، احساس روزگار اور احساس اپنا گھر پروگرام عمران خان کے وژن کی تکمیل کی طرف عملی اقدام ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان پروگراموں کے تحت لوگوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ معاشی طور پر خود مختار ہو سکیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جو لوگ اپنا گھر نہیں بنا سکتے ہم نے احساس کیا کہ انہیں گھر بنا کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ مخدوش مالی صورتحال کے باوجود عوامی فلاح کے  منصوبے شروع کر رہے ہیں اور ہمارا مقصد نوجوانوں کو کلاس 4 کی نوکری نہیں بلکہ اپنے کاروبار دینا ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ائیڈیاز لوگ لائیں گے اور مواقع حکومت دے گی اور اس طرح  آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ قرضے صرف اور صرف پر میرٹ پر دیے جائیں تاکہ حقدار لوگ ہی اس سے مستفید ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp