بجلی کی قیمت کم کر دی، کوشش ہے ہر سال 6 ماہ کے لیے ایسا پیکج لے کر آئیں، اویس لغاری

ہفتہ 9 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم پاکستان نے 26 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، کوشش ہے کہ ہرسال 6 ماہ کے لیے ایسا پیکج لے کر آئیں، کوشش ہو گی اس پیکج کو 31 مارچ تک لے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاور سیکٹر گردشی قرضہ 9.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کے باعث اصلاحات ناگزیر ہیں، اویس لغاری

ہفتہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائنز کا بروقت مکمل نہ ہونا مہنگی بجلی کی ایک وجہ ہے، منصوبوں میں تاخیر ہمارا نظام برداشت نہیں کر سکتا۔ این ٹی ڈی سی کی وجہ سے بجلی کا ترسیلی نظام درست نہیں ہے، این ٹی ڈی سی ماضی میں بد انتظامی کا شکار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائنز کا بروقت مکمل نہ ہونا مہنگی بجلی کی ایک بڑی وجہ ہے، اس مثال یہ ہے کہ بجلی کے پیدا کرنے کے جن منصوبوں کو 2018 میں ختم ہونا تھا وہ اب 2026 میں ہوں گے۔ حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، ہم سب سے زیادہ کلین انرجی پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:چند ہفتوں میں پاور سیکٹر سے اچھی خبریں ملیں گی، اویس لغاری

انہوں نے کہا کہ این ٹی ڈی سی ماضی میں بد انتظامی کا شکار رہا ہے اس لیے اب این ٹی ڈی سی کو توڑ کر کابینہ کی اجازت کے بعد ترسیلی نظام کو 3 کمپنیزمیں تقسیم کیا جائے گا۔ یہ اعلان کرتا ہوں کہ فروری 2025 تک یہ کمپنیاں مکمل آپریشنل کر کے دکھائیں گے، اس کی منظوری ہونا بھی بجلی کے سیکٹر میں ایک بہت بڑے انقلاب آنے کا ثبوت ہے۔

 اویس لغاری نے کہا کہ عام صارفین اور انڈسٹری کو 26 روپے تک اضافی استعمال پر ریلیف دیا گیا ہے، جس کا مقصد یہی ہے کہ عوام سردیوں میں مہنگی گیس استعمال کرنے کے بجائے بجلی کے استعمال سے اپنی ضروریات پوری کریں، بجلی کی قیمتوں پریہ ریلیف صنعتوں اورعام شہریوں کے لیے ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کے کارخانے کو سب سے سستے ترین فارمولا کے تحت چلانا پڑتا ہے۔ بجلی کے تقسیم کار نظام کی رپورٹ آج تک میڈیا کے لیے دستیاب نہیں ہوتی تھی، ڈسپیج میرٹ آرڈررپورٹ ہرماہ بنتی ہے، یہ ایک بنیادی رپورٹ ہوتی ہے جس کے مطابق حکومت تسلیم کرتی ہے کہ ہم نے کون سے بجلی پلانٹ چلائے اور کون سے نہیں چلا سکے، کس نے سستی بجلی پیدا کی اور کس نے مہنگی بجلی پیدا کی۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کب تک ملے گا؟ وزیر توانا اویس لغاری نے بتادیا

انہوں نے کہا کہ یہ ڈسپیج میرٹ آرڈر رپورٹ اس سے پہلے کبھی بھی میڈیا تک نہیں پہنچی، یہ رپورٹ نیپرا کو دی جاتی تھی اور پھربس گم ہو کر رہ جاتی تھی، اب پچھلے 3 ماہ کی یہ رپورٹ این ٹی ڈی سی کی ویب سائٹ پرڈال کریہاں پریس کانفرنس کرنے آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ کے مطابق جب تک انڈسٹری، میڈیا، ادارے اورعوام ہماری پوری سکرونٹی نہیں کریں گے ہم پر کوئی دباؤ نہیں آئے گا کہ ہم ان غلطیوں کو ختم کریں، جس کی وجہ سے ہم مہنگی بجلی سسٹم میں ڈالتے ہیں اور سستے پلانٹس کو عوام سے دور رکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ان اقدامات سے ٹرانسپرنسی آئے گی، اصلاحات ہوتی نظرآئیں گی، ان انقلابی اصلاحات کی بدولت آپ کو جلد اس پورے خطے کے اندر سب سے مؤثراور سب سے اچھا پاورسیکٹرآپریشنل ہوتا ہوا نظر آئے گا۔

مزید پڑھیں:آئی پی پیز سے معاہدہ ختم نہیں کرسکتے، قوم 2 ماہ میں خوشخبری سنے گی، اویس لغاری

ایک سوال کے جواب میں اویس لغاری نے کہا کہ قدرتی گیس (ایل این جی) جتنی دستیاب ہو گی، عوام کو میسر آئے گی، حکومت کے سہولت پیکج کے اعلان سے بجلی کی مانگ بڑھے گی اور ایل این جی کی کھپت پچھلے سال سے بہتر ہو گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز(آئی پی پیز) پر ہونے والی فضول خرچی کو مجموعی طور پر باہمی دلچسپی کے تحت کم کر رہے ہیں اور اس حوالے سے کمپنیوں سے مشاورت اور مذاکرات جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp