وزیر تعلیم خیبرپختونخوا فیصل ترکئی نے صوبہ میں احتجاج کرنے والے اساتذہ کو پیشکش کی ہے کہ اگر انہیں اپنے پیسے اور ترقیاں چاہییں تو وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج میں صوبائی حکومت کا ساتھ دیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر زیرگردش ویڈیو میں وزیر تعلیم خیبرپختونخوا فیصل ترکئی کو کہتے سنا جاسکتا ہے، ’صوبے میں 2 لاکھ اساتذہ ہیں، وہ ہماری تحریک میں شامل ہوں، ہم نے ہر ہفتے جلسہ اور احتجاج کرنا ہوتا ہے، اساتذہ نکلیں اور ہمارے ساتھ احتجاج میں شامل ہوں۔‘
یہ بھی پڑھیں: خییبرپختونخوا میں مسائل کے لیے آواز اٹھانے والے ہزاروں اساتذہ کی معطلی کا فیصلہ
صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ اساتذہ کو اگر اپ گریڈیشن اور پروموشن چاہیے تو ہمارے ساتھ نکلیں، احتجاج کریں اور صوبے کے لیے آواز اٹھائیں، وفاق نے ہمارے 1700 ارب روپے روکے ہوئے ہیں ہمارے ساتھ وہ لیکر آئیں، ہمیں خواہ مخواہ اساتذہ کے پیسے روکنے کا کوئی شوق تو نہیں۔
وزیر تعلیم خیبر پختونخوا کی بڑی پیشکش
صوبے میں دو لاکھ اساتذہ ہیں اپگریڈیشن چاہئے تو وفاق کیخلاف ہمارے احتجاج میں شریک ہوں وفاق نے 1700 ارب روکے ہیں وہ پیسے لائیں گے ۔ وزیر ابتدائی تعلیم فیصل ترکئی pic.twitter.com/taZCZBBoj2
— Muhammad Faheem (@MeFaheem) November 13, 2024
واضح رہے کہ آل پرائمری ٹیچرز ایسویس ایشن خیبرپختونخوا نے رواں ماہ کے آغاز میں اساتذہ کی اپگریڈیشن کے لیے بھرپور احتجاج اور دھرنے کا اعلان کیا تھا۔ اساتذہ نے 5 نومبر کو صوبہ بھر میں پرائمری اسکولوں کو تالے لگا دیے تھے اور ریلی کی شکل میں خیبرپختونخوا ہاؤس کے قریب جناح پارک پہنچ کر دھرنا دے دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت نے اساتذہ کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی، دھرنا ختم
تاہم، 9 نومبر کو خیبرپختونخوا حکومت اور ہڑتالی اساتذہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے جس کے بعد پرائمری اساتذہ نے 5 روز سے جاری دھرنا ختم کرتے ہوئے پیر سے اسکولز کھولنے کا بھی اعلان کردیا تھا۔