پاکستانی بلاک بسٹر فلم ۔۔ مولا جٹ ۔۔ کی مداحوں کی لسٹ میں بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔
جدہ میں ریڈ سی فلم فیسٹیول میں پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے جہاں رنبیر کپور نے سعودی عرب میں کام کرنے کی بات کی، وہیں فلم مولا جٹ کی تعریف بھی کر ڈالی۔
رنبیر کپور نے کہا کہ وہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو مولا جٹ جیسی فلم بنانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
اس سے پہلے کئی بالی ووڈ اسٹار ۔۔ مولا جٹ ۔۔ کی تعریف کر چکے ہیں جبکہ بھارت کے مشہور ڈاریکٹر اورچ پروڈیوسر کن جوہر کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں جن میں وہ سینیما میں جا کر ۔۔ مولا جٹ ۔۔ فلم انجوائے کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق۔۔ مولا جٹ ۔۔ اب بھارت میں بھی دھوم مچانے کیلئے تیار ہے، تاہم اس میں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے کئی رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مولا جٹ بھارتی سینماؤں میں 23 دسمبر کو ریلیز کی جا سکتی ہے، جس کے بعد بھارتی شائقین بھی پاکستانی سپر ہٹ پنجابی فلم کا لطف اٹھا سکیں گے۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ پاکستان کی اب تک کی سب سے بڑی اور کامیاب فلم کا اعزاز حاصل کرلیا ہے، فواد خان اور حمزہ علی عباسی کی فلم دنیا بھر سے دو سو کروڑ کمانے والی فلموں کی کلب میں شامل ہو گئی ہے، مولا جٹ اب تک کی پاکستان کی مہنگی ترین فلم بھی ہے۔
سنہ1979 میں ریلز ہونے والی پنجابی فلم مولا جٹ کو بلال لاشاری نے نئے انداز میں بنا کر اس شاہکار کہانی کو ٹریبیوٹ دیا ہے۔
’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ میں فواد خان، حمزہ عباسی، ماہرہ خان، حمیمہ ملک، گوہر رشید، فارس شفیع، شفقت چیمہ اور نیراعجاز سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا ہے۔