پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عمران خان کی ’فائنل کال‘ پر احتجاج ختم کرنے کے اعلان کے بعد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو ہر طرح کی آمدورفت کے لیے بحال کر دیا ہے، جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس بھی بحال کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:احتجاج ختم ہونے کے بعد اسلام آباد اور لاہور کی رونقیں بحال ہونا شروع، موٹرویز بھی کھل گئیں
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کے خاتمے کے اعلان کے بعد ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی اور خارجہ راستوں پر لگائی گئی رکاوٹوں کہ ہٹانے کے سلسلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ کی ہدایت پر فیض آباد کے مقام پر لگی تمام بندشیں ختم کر دی گئی ہیں، فیض آباد کے تمام بس ٹرمینلز کو بھی کھول دیا گیا ہے، 26نمبر چونگی کے دونوں اطراف ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں، سری نگر ہائی وے کو بھی ہرطرح کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
اسی طرح فتح جنگ روڑ سے بھی رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں، پشاور روڑ اور سنگجانی ٹول پلازہ، کٹی پہاڑی، مارگلہ ایوینیو اور جی ٹی روڑ سے بھی رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:لاہور کے تمام راستے کھل گئے، راولپنڈی اسلام آباد میں تاحال رکاوٹیں موجود
ادھر ایران ایوینیو اور ای الیون سے بھی رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں، پرانے مارگلہ روڑ ، انٹرچینج کے مقام پر لگائے گئے کنٹینرز بھی ہٹا دیے گئے ہیں۔ ادھر روات ٹی کراس کے دونوں اطراف بھی ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنراسلام آباد عرفان میمن نے اعلان کیا کہ شہر بھر کے مختلف راستوں سے کنٹینرز ہٹانے کا عمل مکمل ہوگیا ہے، شہری اسلام آباد کی شاہراہوں پر باآسانی آمدورفت کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ شہر بھر میں صفائی کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج ختم، فلائٹ شیڈول بحال نہ ہو سکا، متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد میں داخلی راستوں کی بندش کی وجہ سے درپیش مشکلات پر ضلعی انتظامیہ عوام سے معذرت خواہ ہے۔
ادھر اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بھی تمام داخلی اور خارجی راستوں کے کھلنے کی تصدیق کر دی گئی ہے اور شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہوئے اپنا سفر جاری رکھیں، اسلام آباد ٹریفک پولیس آ پ کی راہنمائی کے لیے سڑکوں پر موجود ہے۔
انٹرنیٹ سروس بحال
ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروس 3 روز کی معطلی کے بعد بدھ کی صبح بحال ہوگئی۔ حکام کی جانب سے پرامن مظاہروں کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا ہونے والے اس تعطل کی وجہ سے شہریوں کو صرف وائی فائی اور روایتی موبائل کالز پر انحصار کرنا پڑا تھا۔
حالات معمول پر آنے کے ساتھ ہی جڑواں شہروں میں زندگی مستحکم ہونا شروع ہوگئی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق انٹرنیٹ کی معطلی کا اطلاق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر وزارت داخلہ کی ہدایت پر کیا گیا تھا۔
موبائل انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی فائر وال کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ صارفین نے بندش کے دوران میڈیا فائلوں کو اپ لوڈ اور ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات کی اطلاع دی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موبائل انٹرنیٹ سروسز دوبارہ فعال ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بحالی سیکیورٹی صورتحال کے جائزے کے بعد ہوگی۔
موبائل انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر تعطل کے باوجود وائی فائی سروسز اور باقاعدہ موبائل نیٹ ورک سروسز متاثر نہیں ہوئیں۔ تاہم، طویل معطلی نے متاثرہ علاقوں میں رہائشیوں اور کاروباری اداروں کے لیے مواصلات اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کو نمایاں طور پر متاثر کیا۔