عمران خان سیاسی قیدی نہیں، دباؤ ڈال کر این آر او حاصل کرنا چاہتے ہیں، وفاقی وزرا کی غیرملکی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 28 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومتی وزرا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں طالبان اور دہشتگردی کو واپس لانے والا ایک ہی شخص ہے، پی ٹی آئی کے شرپسند دوران احتجاج اسی شخص کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے، عمران خان سیاسی قیدی نہیں، ان کے خلاف سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں، وہ دباؤ ڈال کر این آر او حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے ہمراہ اسلام آباد میں غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین نے دوران آنسو گیس شیل اور اسلحے کا استعمال کیا، پی ٹی آئی کے شرپسند اپنے ہمراہ ہتھیار لے کر آئے تھے، مظاہرین کا صرف ایک مطالبہ تھا کہ ان کے لیڈر کو رہا کردیا جائے، پی ٹی آئی کے عزائم پرامن احتجاج کے نہیں تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج کی ناکامی، پارٹی اختلافات سے دوچار، بشریٰ بی بی پر تنقید

عطا تارڑ نے کہا کہ ماضی میں ایک سیاستدان نے مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کیا تھا، بانی پی ٹی آئی عمران خان ملک میں طالبان کو واپس لائے، احتجاج کے دوران افغان شہری اسلام آباد میں کیا کررہے تھے، حکومت نے پی ٹی آئی کو سنگجانی میں احتجاج کرنے کی پیشکش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی صوبے میں امن و امان کے قیام پر کوئی توجہ نہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے نیوز کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرتشدد احتجاج پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ ہے، 2014 کے بعد بہت سے لانگ مارچ ناکام ہوئے، پی ٹی آئی نے 2014 میں پارلیمنٹ، سرکاری ٹی وی کے دفتر پر حملہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کی گاڑی پر پی ٹی آئی کارکنان کا پتھراؤ، ویڈیو وائرل

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عسکری تنصیبات پر بھی حملہ کرچکی ہے، شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا، 9 مئی کو پی ٹی آئی نے سلامتی کے اداروں پر حملہ کیا، کسی جمہوریت میں پرتشدد مظاہروں کی اجازت نہیں دی جاتی، پرتشدد واقعات میں اسلام آباد پولیس کے سینیئر افسر کی آنکھ ضائع ہوئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنے وسائل وفاق کے خلاف استعمال کررہی ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کے لیے ریاستی مشینری استعمال کی جارہی ہے، بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی نہیں، وہ کرپشن کے سنگین الزامات کا سامنا کررہے ہیں، برطانوی حکومت نے 190 ملین پاؤنڈز پاکستانی حکومت کو واپس کیے۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی پی ٹی آئی کے ساتھ 2 نمبر گیم کھیل گئیں، خواجہ آصف

انہوں نے کہا کہ پرتشدد احتجاج بانی پی ٹی آئی کی مقدمات کے ٹرائل سے فرار کی کوشش ہے، پی ٹی آئی پر فارن فنڈنگ کیس میں غیرملکی فنڈنگ ثابت ہوئی، عمران خان نے خزانے سے 190 ملین پاؤنڈز چوری کیے، وہ 9 مئی حملوں کے خلاف مقدمات کا بھی سامنا کررہے ہیں اور دباؤ ڈال کر این آر او حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پی ٹی آئی قیادت نے اعلان کیا تھا کہ عمران خان کی رہائی تک بیٹھے رہیں گے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہم کبھی ٹرائل سے نہیں بھاگے اور مقدمات کا سامنا کیا، دوسری جانب عمران خان غیرملکی فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے، وہ مقدمہ عدالتوں میں لڑنے کے بجائے سڑکوں پر آئے، انہوں نے اپنی رہائی کے لیے اسلام آباد میں احتجاج کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp