پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو چیمپیئنز ٹرافی سے متعلق پاکستان کے ٹھوس مؤقف سے آگاہ کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دبئی میں آئی سی سی کے سی ای او جیف ایلا ڈائز اور اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان کے ٹھوس مؤقف سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی، اگر بھارت پاکستان نہیں آیا تو پاکستان کبھی بھارت نہیں جائے گا، پی سی بی نے آئی سی سی پر واضح کردیا
انہوں نے آئی سی سی حکام کو واضح کیا کہ حکومت پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کردیا ہے، اس لیے بھارت کو پاکستان آنا پڑے گا، اگر آئی سی سی کو بات آگے بڑھانی ہے تو کرکٹ اور رکن ملکوں کے بہتر مفاد میں نئی تجویز سامنے لائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے میٹنگ میں ہائی بڑد ماڈل کی تجویز پر بات کرنا وقت کا ضیاع ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا قابل قبول فارمولا بورڈ میٹنگ سے پہلے فراہم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کی چیمپیئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل سے متعلق پی سی بی کے فیصلے کی حمایت
محسن نقوی نے گزشتہ روز دبئی پہنچنے کے بعد آئی سی سی حکام سے مذاکرات کے علاوہ وکلا سے بھی اس معاملے پر مشاورت کی، ان کا کہنا تھا کہ بھارت اگر پاکستان آنے سے انکار کررہا ہے تو حکومت کا خط دکھائے جس میں پاکستان نہ آنے کی ٹھوس وجوہات موجود ہونی چاہئیں، خط کے بغیر کوئی اور جواز قبول نہیں کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس میں اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ میچ کھیلنا قابل قبول نہیں اور اگر نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے کا فارمولا بنایا گیا تو پھر یہ فیصلہ بھی ہوگا کہ آئندہ ایونٹس میں پاکستان بھارت میں جا کر نہیں کھیلے گا۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی دبئی میں اہم ملاقاتیں
پی سی بی نے گزشتہ روز بھی آئی سی سی کو دوٹوک لہجے میں واضح کیا تھا کہ پاکستان آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے ملنے والے حقوق کسی دوسرے ملک کے ساتھ قطعاً شیئر کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ محسن نقوی نے بھی دبئی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں کرکٹ کھیلیں اور وہ یہاں نہ آئیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا مزید کہا کہ جو بھی ہوگا برابری کی سطح پر ہوگا، اس حوالے سے آئی سی سی کو اپنا واضح مؤقف دے چکے، اب بورڈ میٹنگ میں فیصلہ ہوگا، چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی۔