سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف کچھ وقت لندن میں گزارنے کے بعد 17 نومبر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پاکستان پہنچنے۔ کچھ روز تک انہوں نے جاتی عمرہ میں قیام کیا، پھر مری روانہ ہوگئے جہاں بیلاروس کے صدر کی بھی ان سے ملاقات ہوئی، اور اب وہ واپس جاتی عمرہ پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف سے جاتی عمرہ میں ملاقات کی، اس دوران پارٹی اور حکومتی معاملات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی خود پاکستان آتے تو زیادہ اچھا لگتا، صدر مسلم لیگ نواز شریف
ذرائع نے دعویٰ کیاکہ آنے والے دنوں میں وفاقی حکومت کی طرف سے کچھ بڑے فیصلے سامنے آسکتے ہیں، اور شہباز شریف اسی سلسلے میں نواز شریف سے مشاورت کے لیے جاتی عمرہ آئے تھے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف سے آج بھی ماڈل ٹاؤن میں پارٹی کے کچھ رہنماؤں نے ملاقاتیں کی ہیں۔
نواز شریف سے ماڈل ٹاؤن میں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے ملاقات کی، اس کے علاوہ کچھ ناراض رہنما بھی صدر مسلم لیگ ن سے ملے اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نواز شریف کی طرف سے پارٹی رہنماؤں کو بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے حوالے کہا گیا ہے کہ کارکنوں کو پیغام دیا جائے کہ جلد بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں، جس کے لیے تیاریاں شروع کردی جائیں۔
ذرائع کے مطابق مری جانے سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف اپنے کاروبار اور زمینوں کے حوالے سے میٹنگز کرکے گئے تھے، اور اب واپس آکر بھی وہ اپنے کاروبار اور ملز جو پچھلے کافی عرصے سے بند ہیں ان کو دوبارہ چلانے کے حوالےسے ملاقاتیں کررہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے کچھ زرعی زمین ٹھیکے پر دی ہوئی ہے جبکہ کچھ خود کاشت کرتے ہیں۔ جس زمین پر وہ خود اناج کاشت کرتے ہیں اس کے لیے زراعت کے 2 آفیسرز بھرتی کیے گئے ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ جو گندم وہ یہاں پر اگائیں وہ کھاد اور سپرے کے بغیر ہو۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعظم کی آج کل سیاست میں دلچسپی تھوڑی کم ہے اور اپنے ذاتی کاروبار کی طرف زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں مسلم لیگ ن کا اہم مشاورتی اجلاس نواز شریف کی صدارت میں جاری، اہم سیاسی و ملکی فیصلے متوقع
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ دسمبر کے مہینے میں حسین نواز کے چھوٹے بیٹے کی شادی ہونے جارہی ہے، اس حوالے سے جاتی عمرہ میں تزئین و آرائش کا کام چل رہا ہے، اور گھر میں ہونے والے کام بھی نواز شریف خود دیکھ رہے ہیں۔