سابق وفاقی اور سینیٹر وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ یہ تاثر ختم ہونا چاہیے کہ فوج اور پاکستان تحریک انصاف ایک دوسرے کے خلاف ہیں۔
نجی ٹی وی کے ایک ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ فوج پاکستان اور عوام کے ساتھ ہے وہ کسی کے خلاف نہیں۔
’عمران خان کی جان بچانا سب سے اہم ہے‘
سینیٹرفیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اس طرف لے جایا جارہا ہے کہ ان کی جان لے لی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی جان بچانے کا فارمولہ کیا ہے؟ فیصل واوڈا نے بتادیا
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جان بچانا سب سے زیادہ اہم ہے کیوں کہ اگر ان کی جان جائے گی تو یہ لوگ ماتم کریں گے اور سب فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو سازش کے تحت پاگل قرار دلوانے کی کوشش ہورہی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اور ان کے حواری عمران خان کی جان پر رحم کریں۔
’خیبر پختونخوا میں گورنرراج نہیں لگے گا‘
فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کی ذاتی زندگی سے متعلق کچھ نہیں کہوں گا اور جہاں تک میرے اختلاف کا تعلق ہے وہ انتشاری سیاست سے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزدار گینگ نے کرپشن کی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنرراج نہیں لگے گا۔
’فوج کے خلاف پروپیگنڈا بند ہونا چاہیے‘
انہوں نے کہا کہ فوج کے خلاف پروپیگنڈا بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف میں بھی درباری کلچر ہے۔
مزید پڑھیے: عمران خان اڈیالہ جیل میں موجود، جب تک بشریٰ بی بی کی ان تک رسائی نہیں وہ محفوظ ہیں، فیصل واوڈا
ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے جن لوگوں کو بے شرم اور بے غیرت کہا وہ بھی ہاتھ باندھ کرکھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیرترین کو نکلوانے میں بھی بشریٰ بی بی کا ہاتھ تھا اور میرے اور علیم خان کے خلاف بھی انہی کے ایما پرسب کچھ ہوا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کی زندگی بچانے کے لیے حکومت سمیت جس سے بھی بات کرنی پڑی کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کے آنے کے بعد سے عمران خان مختلف پارٹی گروپوں میں گھرگئے۔
’حکومت نے احتجاج کو مس ہینڈل کیا‘
فیصل واوڈا نے کہا کہ موجودہ سیٹ اپ کے خلاف عوام میں نفرت ہے۔ انبہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے احتجاج کو مس ہینڈل کیا جبکہ ڈی چوک میں احتجاج کا سب کو نقصان ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی پروپیگنڈا حکمت عملی بہت مضبوط ہے اور عمران خان نے جس دن فیصلے اپنے ہاتھ میں لے لیے اس دن سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔