پاکستان میں امریکی ایجوکیشنل فاؤنڈیشن (USEFP) نے پاکستانی طلبا کے لیے فل برائٹ اسکالرشپ 2026 کا اعلان کردیا ہے۔ امریکی حکومت کا یہ فلیگ شپ پروگرام پاکستانی طلبا کو امریکا میں گریجویٹ تعلیم (ماسٹرز یا پی ایچ ڈی) کرنے کا ایک بے مثال موقع فراہم کرتا ہے۔
فل برائٹ پروگرام 2026
فل برائٹ اسکالرشپ حاصل کرنے والے پاکستانی طلبا کو امریکی جامعات میں تعلیم کے حصول کے لیے جامع مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے جس میں ٹیوشن فیس، نصابی کتب، ایئر ٹکٹس، رہائش کا کرایہ اور ہیلتھ انشورنس شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک اسکالرشپ حاصل کرنے کے لیے پاکستانیوں کے پاس کیا قابلیت ہونی چاہیے؟
پاکستانی فل برائٹ اسکالرز امریکا بھر کے مختلف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرکے عالمی سطح پر علم کے فروغ کی کوششوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔
اہلیت
قومیت: پاکستانی شہری جو بہترین تعلیمی پس منظر کے حامل ہوں۔ درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہے کہ وہ درخواست کے پورے عمل کے دوران پاکستان میں مقیم رہیں اور امریکا میں تعلیم مکمل ہونے کے بعد اپنے وطن واپس آکر اس کی ترقی کے لیے پرعزم ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: 120 پاکستانیوں نے امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے لیے فلبرائٹ اسکالرشپ حاصل کرلی
مضامین: کلینیکل میڈیسن کے علاوہ تمام شعبوں میں درخواستوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ خاص طور پر توانائی، پانی، زراعت، صحت، تعلیم، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی میں تعلیمی پس منظر رکھنے والے امیدواروں کی درخواست دینے کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
تعلیمی قابلیت
ماسٹر ڈگری کے لیے 4 سالہ بیچلر ڈگری یا بیچلر اور ماسٹر ڈگری (16 سالہ رسمی تعلیم) کا مجموعہ
پی ایچ ڈی کے لیے ماسٹرز، ایم فل یا مساوی ڈگری (18 سالہ رسمی تعلیم)
یہ بھی پڑھیں: امریکا جانے کے منتظر پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری
ٹیسٹ
گریجویٹ ریکارڈ ایگزامینیشن (GRE) اسکور کا حصول لازمی ہے
منتخب کیے گئے امیدواروں کے لیے انگریزی کا بطور غیرملکی زبان ٹیسٹ (TOEFL) دینا ضروری ہے
درخواست دینے کا طریقہ کار
دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی درخواستیں USEFP کی آفیشل ویب سائٹ www.usefp.org کے ذریعے جمع کرائیں۔ بذریعہ ڈاک یا کوریئر بھجوائی گئی درخواستیں ناقابل قبول ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: کن فیلڈز کے ماہرین کو جرمنی کا ورک ویزا بآسانی مل سکتا ہے؟
اہم ہدایات
پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے اور متنوع پس منظر کے حامل درخواست دہندگان کی درخواست دینے کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
غلط بیانی، پلیجرزم یا جعلی دستاویزات کی صورت میں امیدوار کو فوری طور پر نااہل کردیا جائے گا۔
درخواست میں شامل مضامین کے مسودے لکھنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سوفٹ ویئر کا استعمال سختی سے ممنوع ہے۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ کیا ہے؟
پاکستانی طلبا کے لیے فل برائٹ اسکالرشپ کے لیے درخواستیں جمر کرانے کی آخری تاریخ 5 مارچ 2025 ہے۔ اسکالرشپ میں دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد درخواست کے عمل کا آغاز کریں اور پریشانی سے بچنے کے لیے تمام ضروری دستاویزات بروقت مکمل کریں۔