باجوڑ میں نہتے شہریوں پر حملہ: عطا تارڑ کی شدید مذمت اور افغان طالبان رجیم پر تنقید

جمعہ 1 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے سرحدی اضلاع میں افغان طالبان کی جانب سے معصوم شہریوں کو دانستہ نشانہ بنانا ناقابل قبول، خطرناک اور انسانی جانوں کے حوالے سے ان کے غیر انسانی رویے کی عکاسی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: منیبہ حسین کا اعزاز، پی اے ایس جوائن کرنے والی باجوڑ سے پہلی خاتون

ایکس پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں میدان میں شکست کے بعد شہری علاقوں کو نشانہ بنانا نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ اس سے ان کی قیادت کے کمزور اخلاقی معیار کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔

عطا اللہ تارڑ کے مطابق ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے جاری کردہ بیان کے مطابق صرف ضلع باجوڑ میں افغان طالبان اور ان کے مبینہ بھارتی حمایت یافتہ گروہ فتنہ الخوارج کی بلااشتعال کارروائیوں کے نتیجے میں 9 شہری شہید ہوئے، جن میں 6 بچے اور خواتین شامل ہیں جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے جن میں 7 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیے: باجوڑ کنڑ سرحد پر برفباری سے ہلاک دہشتگرد بھی افغان شہری نکلا

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی فتنہ الخوارج کی جانب سے کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملے میں کرکٹ کھیلتے ہوئے 3 شہری زخمی ہوئے جسے انہوں نے کھلی اور شرمناک کارروائی قرار دیا۔

وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ اس کے برعکس افغان طالبان کے نمائندے پاکستان پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے بے بنیاد الزامات لگاتے رہتے ہیں حالانکہ پاکستان صرف دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتا ہے اور ہر کارروائی کی معلومات شفاف طریقے سے عوام کے ساتھ شیئر کی جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں: باجوڑ میں افغان طالبان کی گولہ باری، 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوارجی دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کے خلاف جنگ سچ، اصول، عزت، عزم اور ایمان پر مبنی ہے جبکہ مخالف عناصر کی لڑائی بدنیتی، دوغلے پن اور برائی پر مبنی ہے۔

شاہی تنگی کے کرکٹ گراؤنڈ پر فتنہ الخوارج کا ڈرون حملہ

واضح رہے کہ جمعے کو کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے ڈرون حملے میں خیبر پختونخوا کے شمال مغربی علاقے میں واقع ایک کرکٹ گراؤنڈ میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے: باجوڑ خودکش حملے میں افغان بمبارملوث، دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے، سیکیورٹی ذرائع

یہ واقعہ باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے شاہی تنگی کے کرکٹ گراؤنڈ پر کیے گئے ڈرون حملے کے نتیجے میں پیش آیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp