زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹی20 میچ، سفیان مقیم نے کون سا نیا ریکارڈ قائم کیا؟

منگل 3 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کرنے والے سفیان مقیم نے پاکستان کی ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم اسکوردے کر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

منگل کو کوین اسپورٹ کلب کے بلاویوکرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان کے بائیں ہاتھ کے اسپنرسفیان مقیم نے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں اپنی تباہ کن بولنگ سے زمبابوے کی ٹیم کو آؤٹ کلاس کر دیا۔

سفیان مقیم نے اپنی بولنگ کا جادو جگاتے ہوئے ریان برل، کلائیو مڈانڈے، تاشنگا میوزیکیوا، ویلنگٹن مساکادزا اور رچرڈ نگروا کی اہم ترین وکٹیں حاصل کیں۔

15 نومبر1999 کو پیدا ہونے والے بائیں ہاتھ کے اسپنرسفیان مقیم نے اپنے 2.4 اوورز میں ٹی20 فارمیٹ میں سب سے کم ترین اسکور 3 رنز دے کر زمبابوے کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اس طرح سفیان مقیم نے پاکستان کی جانب سے یہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

سفیان مقیم کی اس تباہ کن بولنگ کے نتیجے میں زمبابوے کی پوری ٹیم کم ترین 57 رنز پر پویلین لوٹ گئی اس طرح پاکستان نے یہ میچ 10 وکٹوں سے جیت لیا۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے یہ ریکارڈ پاکستان کے فاسٹ بولرعمرگل کے پاس تھا، جنہوں نے 2013 میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹی20 میچ میں 2.2 اوورز میں 6 رنز دے کر5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، یہ میچ پاکستان نے 95 رنز سے جیت لیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے ٹی20 فارمیٹ میں کسی ایک اننگز میں 5 وکٹوں لینے کا دوسرا ریکارڈ بھی عمر گل کے پاس ہے، یہ ریکارڈ انہوں نے 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف قائم کیا تھا، یہ میچ پاکستان نے 6 وکٹوں سے اپنے نام کیا اور اس جیت کی خاص بات عمرگل کی شاندار بولنگ تھی جس میں عمر گل نے اپنے 3 اوورز میں 6 رنز دے کر نیوزی لینڈ کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

عمر گل کے بعد پاکستان کی جانب سے ٹی20 میچوں میں کسی ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزازعماد وسیم کے پاس تھا، عماد وسیم نے یہ اعزاز 2016 میں دبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں حاصل کیا تھا، اس میچ میں عماد وسیم نے اپنے 4 اوورز میں 14 اسکور دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، پاکستان نے اس میچ میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

ٹی20 فارمیٹ میں کسی ایک اننگز میں سب سے کم اسکور دے کر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز اب پاکستان کے بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے سفیان مقیم کے پاس آ گیا ہے جنہوں نے 3 دسمبر 2024 کو زمبابوے کے ہوم گراؤنڈ پر اپنے 2.3 اوورز میں سب سے کم 3 اسکور دے کرزمبابوے کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یہ مردوں کے ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں کسی بھی پاکستانی بولر کی بہترین باؤلنگ کارکردگی ہے، انہوں نے عمر گل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

زمبابوے کے خلاف سیریز میں مقیم نے 8 وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں پہلے ٹی 20 میں 3 وکٹیں بھی شامل ہیں۔ وہ دونوں میچوں میں ابھی تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔

سفیان مقیم کی عمر 25 سال ہے اور وہ بائیں ہاتھ  کی کلائی کا استعمال کرنے والے اسپنر ہیں جو 15 نومبر 1999 کو پشاور میں پیدا ہوئے ۔ سفیان مقیم نے 7 ٹی 20 میچ کھیلے ہیں اور 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے 3 اکتوبر 2023 کو ہانگچو میں ہانگ کانگ کے خلاف ڈیبیو کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے صرف ٹی 20 انٹرنیشنل فارمیٹ کا میچ ہی کھیلا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp