پنجاب میں نئے ریٹائرمنٹ رولز جاری، پینشن میں سالانہ اضافہ بھی ختم

منگل 3 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے ریٹائرمنٹ اور پینشن رولز میں تبدیلی لاتے ہوئے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پینشن میں سالانہ اضافہ ختم کر دیا ہے، رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کے خواہشمند افراد کی پنشن میں بھی کٹوتی کی جائے گی۔

منگل کو سیکرٹری خزانہ پنجاب نے خط کے ذریعے تمام محکموں کو پینشن میں اضافے کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ خزانہ کے اس فیصلے کا اطلاق 3 اقسام کی پینشن پر کیا گیا ہے جس کے بارے میں باضابطہ طور پر منگل کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔

سیکرٹری خزانہ پنجاب مجاہد شیردل کے دستخط سے تمام انتظامی سیکرٹریز اور محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ نئے حکم نامے پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنشن میں اضافے پر پابندی کا اطلاق منگل 3 دسمبر سے سروس سے ریٹائر ہونے والے تمام ملازمین پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لینے والوں کی پنشن میں بھی کٹوتی کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جلد ریٹائر ہونے والے 59 سالہ شخص کی پنشن میں 2 فیصد کمی کی جائے گی جبکہ 58 سالہ شخص کی پینشن میں 4 فیصد، 57 سالہ شخص کی پنشن میں 6 فیصد، 56 سالہ شخص کی پنشن میں 8 فیصد اور 55 سالہ شخص کی پنشن میں 10 فیصد کمی کی جائے گی۔

سیکریٹری نے خط میں کہا ہے کہ تمام محکمے نئے نوٹیفکیشن کے تحت پنشن میں اضافے کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں پانچ سال کی کمی کی تجویز پرغور کیا تھا تاکہ پینشن کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ حکومت ریٹائرمنٹ کی اوسط عمر کو 60 سال سے کم کرکے 55 سال کرنے پر غور کر رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp