آج شام آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ میں چیمپیئنز ٹرافی سے متعلق بڑا فیصلہ متوقع

جمعرات 5 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ میں آج شام چیمپیئنز ٹرافی سے متعلق بڑے فیصلے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، جس میں شرکت کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی دبئی پہنچ چکے ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ میٹنگ میں چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے بڑا فیصلہ متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی: آئی سی سی بورڈ میٹنگ آج، محسن نقوی دبئی پہنچ گئے

آئی سی سی کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جے شاہ کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جارہا ہے جب کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی آج علی الصبح کراچی سے دبئی روانہ ہوئے تھے، جہاں وہ آئی سی سی کے مختلف عہدے داروں سے ملاقات بھی کریں گے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آئی سی سی بورڈ میٹنگ سے قبل کرکٹ کونسل کی براڈ کاسٹرز کے ساتھ میٹنگز بھی کریں گے۔

تاہم، میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی اصولی مؤقف پر قائم ہیں اور انہوں نے نئے فارمولے کو مسترد کیا ہے۔ اس سلسلے میں پی سی بی سخت اقدام اٹھا سکتا ہے اور بورڈ تنازع کے حل کے لیے قانونی آپشن پر بھی غور کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی، بھارتی بورڈ پاکستان کے پیش کردہ فارمولے کو قبول کرنے میں تذبذب کا شکار کیوں؟

واضح رہے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد پاکستان میں ہورہا ہے لیکن بھارت کا ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار اور پی سی بی کی جانب سے بی سی سی آئی کا تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے سے انکار کے بعد چیمپیئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp