گورنر خیبر پختونحوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’کیا لوگوں کے ٹیکس کا پیسہ اور صوبائی فنڈز پی ٹی آئی کے کارکنوں کے لیے ہے، دہشتگردی اور ملک کے لیے جان دینے والے تمام شہدا کو ایک ایک کروڑ روپے دیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا گورنر فیصل کریم کنڈی کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا اعلان
جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کو وفاق سے فنڈز اور پیسے مل چکے ہیں لیکن وہ یہ پیسہ یہاں کے عوام پر نہیں پی ٹی آئی کے کارکنوں پر خرچ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے دکھ ہوا کہ بشریٰ بی بی کو سب نے اکیلا چھوڑ دیا، ان کا رونا دھونا ایک لحاظ سے ٹھیک ہے اور ایک لحاظ سے غلط بھی ہے۔
گورنر کے پی کے نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے پہلے یہاں کہا تھا کہ میں غیرت مند پشتونوں کے ساتھ آخری دم تک کھڑی رہوں گا، وزیراعلیٰ نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو واپس کو لے کرہی آئیں گے، لیکن وہ دونوں تو واپس اکیلے ہی بھاگ کھڑے ہوئے غالباً انہوں نے بشریٓ بی بی کو بانی چیئرمین مان لیا تھا۔
آج بشریٰ بی بی نے کہا کہ ان لوگوں نے مجھے اکیلا چھوڑ دیا، بھاگنا میرا کام نہیں تھا بے سروسامانی کے باعث وہ سے آ گئی تھی۔
مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا میں صرف امن کا جھنڈا لہرایا جائے گا، فیصل کریم کنڈی
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کل ہم نے پشتونوں کے ساتھ ہونے والی کسی بھی نا انصافی پر آل پارٹیز کانفرنس میں بھی بات کی ہے اور میں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو بھی فون کر کے کہا ہے کہ پشتونوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے کوئی بات نہیں،اگرکوئی غلط بندہ ہے تو اس کو سزا دیں لیکن اگر کوئی پشتو بول رہا ہے تو اس کو پکڑیں اورزیادتی کریں تو وہ ہمیں بھی قبول نہیں ہے۔
گورنر کے پی کے نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے لوگ اسے صوبائی تعصب کا رنگ دے رہے ہیں، لیکن ہم پوچھتے ہیں کہ یہاں اپنے صوبے میں آگ لگی ہوئی ہے، وزیراعلیٰ کو یہاں آگ بجھانی چاہیے نا کہ اسلام آباد میں جا کرآگ بجھانے کی کوئی کوشش کریں۔
ایک سوال کے جواب میں گورنر کے پی کے نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگرکوئی ورکرشہید ہوا ہے توغلط ہوا ہے لیکن کیا لوگوں کے دیے ہوئے ٹیکس کے پیسے یہ اپنے ورکروں کو بانٹیں گے، باقی صوبوں میں بھی تو لوگ شہید ہوئے ہیں ملک اور سرحدوں پرقربانی دیتے ہوئے، دشتگردی میں مارے گئے ہیں کیا سھبی کو ایک ایک کروڑ روپے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:علی امین گنڈاپور نے فیصل کریم کنڈی کو ٹیلیفون کرکے کیا کہا؟ گورنر نے بتادیا
ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، بنوں، وزیر ستان میں روزانہ کی بنیاد پرلوگ شہید ہو رہے ہیں، کیا صوبائی فنڈزان کی ذات کے لیے ہیں یا پارٹی کے لیے ہیں، ہمارے دیگر جو لوگ شہید ہوئے ہیں ان کو بھی ایک ایک کروڑ روپے دیے جائیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان اور پاکستان تحریک انصاف کا 26 واں آئینی ترمیمی بل کا مسودہ منظور کیا لیکن بعد میں پی ٹی آئی نے اس سے راہ فرار اختیار کر لی۔