مدارس بل پر حکومت کو دی گئی ڈیڈلائن ختم، جے یو آئی متحرک

اتوار 8 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے مدارس بل پر حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی تنظیم متحرک ہوگئی۔

لاہور میں جے یو آئی کے ذمہ داران کا اہم اجلاس ہوا جس میں سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی آج رات احتجاج کی متوقع کال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں مدارس رجسٹریشن بل پر اٹھائے گئے اعتراضات کو غور کے قابل ہی نہیں سمجھتا، مولانا فضل الرحمان

اجلاس امیر جے یو آئی لاہور مولانا محب النبی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں جنرل سیکریٹری جے یو آئی لاہور حافظ عبدالرحمان نے مدارس بل کی تفصیلات سے شرکا کو آگاہ کیا۔

حافظ عبدالرحمان نے کہاکہ جے یو آئی کے ذمہ داران نے مدارس بل کی منظوری کے لیے ہر قسم کی قربانی کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں جے یو آئی لاہور نے جلد مدارس منتظمین کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

حافظ عبدالرحمان نے کہاکہ جے یو آئی نے لاہور میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 22 دسمبر کو لاہور مسلم ٹاؤن موڑ پر جلسہ کیا جائےگا۔

انہوں نے کہاکہ صدر زرداری نے مدارس بل پر دستخط نہ کرکے بدنیتی کی، ان کے اعتراضات غیرمعقول ہیں، لہٰذا مسلم لیگ ن بھی اپنی پالیسی واضح کرے۔

انہوں نے کہاکہ حافظ طاہر اشرفی چلے ہوئے کارتوس ہیں، دینی مدارس انہیں مسترد کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں مدارس ترمیمی بل کو قانونی شکل دینے میں وقت درکار ہے، وزیر مذہبی امور چوہدری سالک

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے مدارس بل پر دستخط کے لیے حکومت کو دی گئی ڈیڈلائن آج ختم ہوگئی، سربراہ جے یو آئی پشاور میں جاری اسرائیل مردہ باد کانفرنس میں کوئی بھی اعلان کرسکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp