چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ وی پی این غیرشرعی یا غیرقانونی نہیں، اس کا غلط استعمال غیرشرعی ہے۔
نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے علامہ راغب نعینی نے کہا کہ وی پی این کا استعمال غیرقانونی اور غیراخلاقی ویڈیوز پر غیرشرعی ہوگا، وی پی این توہین مذہب یا توہین رسالت کا ذریعہ بنے تو وہ غیرشرعی اور غیرقانونی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وی پی این کا استعمال غیرشرعی، بند کرنا حکومت کا اختیار ہے، اسلامی نظریاتی کونسل
علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی کا کہنا تھا کہ مدارس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے ثبوت ہوں تو قانون کا سامنا کرنا ہوگا، ایسے مدارس کے منتظم اعلیٰ اور مینیجرز کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہیومن بے بے ملک کی خرید و فروخت جائز نہیں، جنس کا ابہام دور کرنے کے لیے مناسب سرجری کی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وی پی این کا استعمال غیرشرعی قرار دینے پر رانا ثنااللہ راغب نعیمی کے خلاف بول پڑے
راغب نعیمی نے کہا کہ کوشش ہے کہ ایسے لوگوں کو ٹرانس جینڈر ڈیکلیئر نہ کریں جو ٹھیک ہوسکتے ہیں، ہم خلع کے قانون کو بھی دیکھ رہے ہیں، خلع کے بجائے تنسیخ نکاح کی جانب دیکھیں جس میں مرد کی مرضی کی ضرورت نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ دوسری شادی کے لیے بیوی کے بجائے یونین کونسل سے اجازت لی جائے، جہیز کو ایک تولہ سونا تک محدود کرنے کا قانون بنانے کی سفارش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی شوہر کے ساتھ شادی ختم کرسکتی ہے، سپریم کورٹ
علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ آرٹیکل 19 ہمیں 5 چیزوں کے تابع رہ کر آزادی اظہار کی اجازت دیتا ہے، اسلام کی عظمت، ملکی سالمیت، لوگوں میں انتشار بنہ پھیلایا جائے، ان اصولوں کے تابع رہنا ہوگا۔