بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 15 دہشتگرد ہلاک

منگل 10 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران پاک فوج کا ایک جوان شہید جبکہ 15 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز نے 22 دہشتگرد ہلاک کردیے، جھڑپ میں 6 جوان بھی شہید

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 10 دسمبر کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سمبازہ کے علاقے میں آپریشن کیا جس میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق اس آپریشن میں خیبر پختونخوا کے ضلح مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے سپاہی عارف الرحمٰن جن کی عمر 32 سال ہے، نے دہشتگردوں کی شدید فائرنگ کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

 مزید پڑھیں شمالی وزیرستان؛ فائرنگ کے تبادلے میں 6 فوجی جوان شہید جبکہ 3 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر خارجی دہشتگردوں کو بے اثر کرنے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (سی آر ایس ایس) کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق 2024 کی تیسری سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں دہشتگردی اور انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں جانی نقصان میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا اور تشدد میں 90 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں سیکیورٹی فورسز کا مستونگ میں خفیہ آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، 3 زخمی: آئی ایس پی آر

اس عرصے کے دوران ریکارڈ کیے گئے 328 واقعات میں مجموعی طور پر 722 افراد مارے گئے ہیں جن میں عام شہری، سیکیورٹی فورسز کے جوان اور خارجی دہشتگرد بھی شامل ہیں جبکہ 615 افراد زخمی ہوئے۔

 ادھر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے کی جانب سے ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم کے حوالے سے بتایا گیا کہ انہوں نے آپریشن کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے پر فوجی جوان عارف الرحمان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں:بی ایل اے چھوڑ کر ہتھیار ڈالنے والے عسکریت پسند کے ہوشربا انکشافات

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان دن رات مادر وطن کی حفاظت میں مصروف ہیں۔ مجھ سمیت پوری قوم کو فرض شناس افسران اور سیکیورٹی افسران پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں مجھ سمیت پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp