عمران خان کے لیے نیا اور سنجیدہ مسئلہ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، شیر افضل مروت

بدھ 11 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ فیض حمید کے معاملے سے ہماری جان چھوٹنے والی نہیں ہے۔

نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے نیا اور سنجیدہ مسئلہ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ فوجی افسر کی معاونت ٹھوس ہونی چاہیے، صرف ہمدردی کافی نہیں جس کے کوئی شواہد نہیں ہیں۔ اگر شواہد ہوتے تو ان پر لازم تھا کہ 9 مئی کے فوراً بعد سامنے لاتے۔

مزید پڑھیں: جنرل (ر) فیض حمید کو چارج شیٹ کیے جانے پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا

شیرافضل مروت نے مزید کہا کہ فیض حمید پی ٹی آئی کے لیے اتنے ہی نقصان دہ ثابت ہوئے جتنا کہ جنرل باجوہ، فیض حمید کی قربت کی وجہ سے ہمیں رجیم چینج آپریشن میں بھی قیمت اداکرنی پڑی، فیض حمید کی وجہ سے ہم پھنسے ہوئے ہیں، ان کی وجہ سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو باضابطہ طور پر چارج شیٹ کردیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی اور فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے اگلے مرحلے میں انہیں اب باضابطہ طور پر چارج شیٹ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو باضابطہ طور پر چارج شیٹ کردیا گیا ہے، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق ان چارجز میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، آفیشل سکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے ریاست کے تحفظ اور مفاد کو نقصان پہنچانا، اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال اور افراد کو ناجائز نقصان پہنچانا شامل ہیں۔

فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے عمل کے دوران ملک میں انتشار اور بدامنی سے متعلق  پرتشدد واقعات میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید(ر) کے ملوث ہونے سے متعلق  علیحدہ تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔ ان پرتشدد اور بدامنی کے متعدد  واقعات میں 9 مئی سے جڑے واقعات بھی شامل تفتیش ہیں۔ ان متعدد پرتشدد واقعات میں مذموم سیاسی عناصر کی ایما اور ملی بھگت بھی شامل تفتیش ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp