عماد وسیم کے بعد فاسٹ بولر محمد عامر کا بھی انٹرنیشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ہفتہ 14 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فاسٹ بولر محمد عامر نے انٹرنیشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

آل راؤنڈر عماد وسیم کے بعد اب قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی انٹرنیشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کی گئی ٹوئٹ میں محمد عامر نے لکھا ہے کہ پاکستان کےلیےتینوں فارمیٹس میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔میں جانتا ہوں کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھےلگتا ہےکہ یہ اگلی نسل کے لیے ذمے داری سنبھالنے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا صحیح وقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عماد وسیم کے بعد اسٹار بولر محمد عامر نے بھی ریٹائرمنٹ واپس لے لی

محمد عامر کی جانب سے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انہیں حال ہی میں ہونے والے ٹی ٹوئٹنی ورلڈ کپ میں غیرمتاثر کن کارکردگی کی وجہ سے تنقید کا سامنا تھا۔

رواں سال میں ریٹائرمنٹ کا دوسرا اعلان

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں بھی محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد اپنے فیصلے سے رجوع کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ واپس لے لی تھی۔

اس موقع پر محمد عامر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’میں اب بھی پاکستان کے لیے کھیلنے کا خواب دیکھتا ہوں! زندگی ہمیں ایسے موڑ پر لاتی ہے جہاں بعض اوقات ہمیں اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنی پڑتی ہے۔

محمد عامر نے مزید لکھا کہ ’ میرے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان کچھ مثبت بات چیت ہوئی ہے جس میں انہوں نے احترام کے ساتھ مجھے احساس دلایا کہ میری ٹیم کو ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اہل خانہ سے مشاورت کے بعد اب بھی میں اعلان کرتا ہوں کہ میں اب بھی پاکستان کے لیے کھیل سکتا ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ میں اپنے ملک کی خاطر آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی دستیابی کا اعلان کرتا ہوں کیونکہ یہ میرے ذاتی فیصلوں پر مقدم ہے۔ سبز جرسی پہننا اور اپنے ملک کے لیے اپنی خدمات پیش کرنا ہمیشہ سے میری سب سے بڑی خواہش رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ جمعہ 13 دسمبر 2024 کو مایہ ناز آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp