صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے کی سخت مذمت اور اس حملے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں دہشتگرد ملک و قوم کے مستقبل کے دشمن ہیں، دہشتگرد پاکستان کے عوام کو صحت مند اور خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے، پاکستان کی عوام بڑھ چڑھ کر پولیو مہم میں حصہ لے۔
یہ بھی پڑھیں: کرک میں پولیو ٹیم پر حملے میں پولیس اہلکار جانبحق، پولیو ورکر زخمی
صدر مملکت نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرک میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشتگرد حملے اور اس میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رواں سال کی آخری پولیو مہم، وزیر اعظم شہباز شریف نے بچے کو قطرے پلا کر افتتاح کیا
وزیراعظم نے کہا ہے کہ پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لیے ہماری سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو پولیو کے مرض سے پاک کرنے کے لیے سرگرم عمل پولیو ورکرز پر حملہ باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے اور پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
واضح رہے کہ آج صبح کرک میں پولیو ٹیم پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس میں ایک پولیس اہلکار جانبحق اور ایک پولیو ورکر زخمی ہوگیا تھا۔