سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 500 سال جیل میں رہنے کو تیار ہیں لیکن کسی ڈیل کے لیے تیار نہیں۔
پیر کے روز سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ آج وہ 9 مئی کے ایک مقدمے میں اڈیالہ جیل میں حاضر ہوئے، جہاں پر ان کی بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے بغیر اسٹیبلشمنٹ آگے نہیں بڑھ سکتی، فواد چوہدری
فواد چوہدری نے بتایا کہ اڈیالہ جیل میں انہوں نے شاہ محمود قریشی اور عمران خان سے ملاقات کے دوران سیاسی مشاورت کی۔
آج نؤ مئ کے ایک اور جعلی مقدمے میں اڈیالہ حاضر ہوئے۔ عمران خان سے دوسری ملاقات ہوئ، شاہ محمود قریشی سے بھی ایک طویل عرصے بعد ملاقات ہوئ، عمران خان، شاہ محمود اور میں طویل عرصے بعد سیاسی مشاورت کر سکے ، عمران خان اور شاہ محمود کے جوان حوصلوں سے نیا ولولہ ملتا ہے، عمران خان کا…
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 16, 2024
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے جواں حوصلوں سے نیا ولولہ ملتا ہے، عمران خان کا پیغام ایک ہی ہے 5 سال نہیں بلکہ اگر 500 سال جیل میں رکھو تب بھی وہ کسی ڈیل کے لیے تیار نہیں، ہاں مذاکرات کریں، پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے سیاسی جماعتیں مفاہمت و گفتگو پر یقین رکھتی ہیں، ملک میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے بات چیت واحد راستہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انتقام پر یقین نہیں رکھتے بلکہ حقوق پر یقین رکھتے ہیں، سیاسی درجہ حرارت میں کمی ملک، قوم اور ملکی سیاست کے مفاد میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی میں صرف عمران خان ہیں اور عوام، قیادت کوئی نہیں، فواد چوہدری
فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے تعاون سے آگے بڑھے گی، ملک میں نئے انتخابات کی طرف جانے کے لیےجامع حل تلاش کرنا اصل مقصد ہے۔