وزیراعظم شہباز شریف کا ڈی8 ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دورہ مصر کا اعلان

پیر 16 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم محمد شہباز شریف قاہرہ میں منعقد ہونے والے ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی8 کے 11 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے18 سے 20 دسمبر 2024 تک مصر کا سرکاری دورہ کریں گے۔

پیر کو دفتر خارجہ کی ترجمان نسیم زہرا بلوچ نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 18 دسمبر 2024 کو ڈی8 کونسل آف منسٹرز کے 21 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

بیان کے مطابق ترکیہ، بنگلہ دیش، مصر، ایران، انڈونیشیا، ملائیشیا اور نائجیریا پر مشتمل 11 ویں ڈی8 کانفرنس کا موضوع ’انوسٹنگ اِن یوتھ اینڈ اسپورٹنگ ایس ایم ایز : شیپنگ ٹوماروز اِکونومی‘ رکھا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق کانفرنس میں وزیراعظم ایک مضبوط اور جامع معاشی ڈھانچے کے قیام کے لیے نوجوانوں اور ایس ایم ایز میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیں گے۔ وزیر اعظم روزگار کے مواقع پیدا کرنا، جدت طرازی اور مقامی انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم سے ڈی8 ممالک کو آگاہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم مشترکہ مفاد اور خوشحالی کے لیے شراکت داری کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیں گے اس کے علاوہ زراعت، فوڈ سیکیورٹی اور سیاحت کے شعبوں میں ڈی8 ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیر اعظم پاکستان غزہ اور لبنان میں انسانی بحران اور تعمیر نو کے چیلنجز پر ڈی 8 کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جس میں مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وہ فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو اجاگر کریں گے اور مشرق وسطیٰ میں امن پر زور دیں گے۔

توقع ہے کہ سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شرکت کرنے والے رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp