عدالتی اصلاحات میں عوامی رائے جاننے کے لیے سپریم کورٹ کا آن لائن فیڈ بیک فارم جاری

پیر 16 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ آف پاکستان (ایس سی پی) نے عدالتی اصلاحات کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت اور عوام کی رائے کے لیے ’آن لائن فیڈ بیک فارم ‘ جاری کر دیا ہے۔

پیر کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں سروسز کی فراہمی کو بہتر بنانے اور انصاف تک رسائی کو آسان بنانے اور وسیع کرنے کے مقصد کے طور پر اجلاس منعقد ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ عدالتی اصلاحات سے متعلق بل پر حکم امتناعی برقرار، تحریری حکم نامہ جاری

اجلاس میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندے محمد اورنگزیب خان، رجسٹرار سپریم کورٹ محمد سلیم خان، ممتاز ترقیاتی ماہر شیر شاہ اور دیگر کور ٹیم ممبران نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس کا ایجنڈا اہم اصلاحاتی شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے پر مرکوز تھا، جس میں آئی ٹی انفراسٹرکچر میں پیش رفت، کیس مینجمنٹ میں بہتری، انسانی وسائل کو بہتر بنانا، استعداد کار بڑھانے، تربیتی پروگرام اور عام لوگوں سمیت اسٹیک ہولڈرز کو رائے میں شامل کرنے کے لیے فیڈ بیک میکانزم کا قیام عمل  میں لایا گیا۔

مزید پڑھیں:میثاق معیشت پر 90 فیصد عمل کردیا، اب عدالتی اصلاحات کی طرف جائیں گے، بلاول بھٹو

اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس بات پر زور دیا کہ ان اصلاحات کا مقصد سپریم کورٹ سے شروع ہو کر نچلی عدالتوں تک عدلیہ میں ہر سطح پر تبدیلیاں لانا ہے۔

عدالتی اصلاحات میں عام آدمی کی شمولیت اور تعاون کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے چیف جسٹس نے مختلف اسٹیک ہولڈرز ججوں، وکلا، مدعی اور شہریوں سے رائے حاصل کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اصلاحاتی اقدامات کے ایک حصے کے طور پر چیف جسٹس آف پاکستان کو حال ہی میں شروع کیے گئے ’آن لائن فیڈ بیک فارم اسٹیک ہولڈرز انگیجمنٹ فار جوڈیشل ریفارمز‘ کے بارے میں بریفنگ دی گئی، یہ فارم اب سپریم کورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا عدالتی اصلاحات پر اتفاق

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اصلاحاتی شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے ٹیم کی لگن اور کوششوں کی تعریف کی۔ اجلاس کا اختتام جامع، مؤثر اور شفاف عدالتی نظام کو فروغ دینے کے عزم کی تجدید کے ساتھ ختم ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp