پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زیرصدارت اجلاس میں شرکا نے حکومتی یقین دہانیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔
بلاول ہاؤس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اجلاس میں سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ جبکہ پنجاب و خیبرپختونخوا کے گورنرز شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں پاور شیئرنگ فارمولا، کیا مسلم لیگ ن نے پنجاب کی حد تک پیپلزپارٹی کے تمام مطالبات مان لیے؟
ترجمان کے مطابق بلاول بھٹو کی زیرصدارت اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں شرکا نے حکومت سے مذاکرات کی روشنی میں پارٹی چیئرمین کو تفصیلات بتائیں۔
ترجمان بلاول ہاؤس نے بتایا کہ شرکا نے بلاول بھٹو کو حکومت کی جانب سے آئندہ ہونے والی قانون سازی پر بھی بریفنگ دی ہے۔
ترجمان کے مطابق اجلاس کے شرکا نے حکومت کی جانب سے یقین دہانیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کے ساتھ رابطوں کا عمل مزید تیز کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کی اہم اسٹیک ہولڈرز ہے، تاہم کابینہ میں شمولیت اختیار نہیں کی، گزشتہ دنوں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے حکومت کی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
حکومت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے وقت مانگا تھا، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ دونوں جماعتوں کی کمیٹیوں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہےگا۔
یہ بھی پڑھیں پیپلزپارٹی کی پنجاب حکومت سے راہیں جدا ہوسکتی ہیں، علی حیدر گیلانی
گزشتہ دنوں پاکستان پیپلزپارٹی کی قومی ایشوز کی کمیٹی نے حکومتی کمیٹی سے ملاقات کی تھی، اور پنجاب و وفاق میں نظر انداز کرنے پر گلے شکوے کیے تھے۔