سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے ایک گروپ کی جانب سے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 11 دہشتگرد ہلاک کردیے
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے میں قائم سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 16 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں افواج پاکستان کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، ایک جوان شہید، 7 دہشتگرد ہلاک
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے جوانوں کی تفصیلات
شہید ہونے والوں میں 30 سالہ لانس نائیک لیاقت علی شہید کا تعلق ضلع کرم سے ہے، نائیک لیاقت نے 11 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔
اس کے علاوہ 31 سالہ لانس نائیک محمد اسحاق شہید ضلع کرک کے رہائشی ہیں ، انہوں نے 9 سال پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں۔
38 سالہ حوالدار ایوب خان شہید کا تعلق ضلع اٹک سے ہے، جنہوں نے اپنی زندگی کے 15 سال پاک فوج کو دیے، جبکہ 40 سالہ حوالدار عمر حیات شہید ضلع کوہاٹ سے تعلق رکھتے تھے اور 17 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔
26 سالہ سپاہی محبوب رحمان شہید کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے، جنہوں نے اپنی زندگی کے 8 سال پاک فوج کو دیے اور وطن کا دفاع کیا۔
37 سالہ حوالدار محمد حیات شہید بنوں کے رہائشی ہیں، جنہوں نے 17 سال تک پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں، جبکہ 26 سالہ لانس نائیک شیر محمد شہید کا تعلق ضلع مالاکنڈ سے ہے، جو 7 برس تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیتے رہے۔
اس کے علاوہ 22 سالہ سپاہی احسان الحق شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر سے ہے، انہوں نے 4 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔
25 سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے، انہوں نے اپنی زندگی کے 3 سال پاک فوج کو دیے، جبکہ 29 سالہ لانس نائیک حامد علی شہید کا تعلق ضلع صوابی سے ہے۔ جو 8 برس تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیتے رہے۔
26 سالہ سپاہی کلیم اللہ شہید ضلع لکی مروت کے رہائشی ہیں، جو 3 سال تک پاک فوج میں رہے۔ اس کے علاوہ 41 سالہ حوالدار طاہر محمود شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے جنہوں نے 18 برس تک وطن کا دفاع کیا۔
29 سالہ لانس نائیک مصور شاہین شہید ضلع کوہاٹ کے رہائشی ہیں، جنہوں نے 7 سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں، جبکہ22 سالہ سپاہی فیض محمد شہید کا تعلق ضلع مانسہرہ سے ہے، جو 4 سال تک پاک فوج میں رہے۔
اس کے علاوہ 23 سالہ سپاہی طیب علی شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے، جن کو پاک فوج میں بھرتی ہوئے صرف ایک سال کا عرصہ ہوا تھا انہوں نے سوگواران میں والدین چھوڑے۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں 2024 بدترین سال، دہشتگردی میں 17.84فیصد اضافہ
26 سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے، سپاہی جنید شہید نے پاک فوج میں 4 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا، انہوں نے سوگواران میں والدین اور اہلیہ چھوڑے۔