سابق صدر اور پی ٹی آئی رہنما عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاست ہی ملک کو بچائے گی۔ ہمیشہ کہتا ہوں جو حکومت کر رہے ہیں مذاکرات ان سے ہوں۔ ملٹری کورٹس میں دہشتگردوں کو سزائیں ہونی چاہئیں، سیاستدان کب سے دہشتگرد بن گئے ہیں؟
سابق صدر نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے ہمراہ پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم ملٹری کورٹس کی سزاؤں کے خلاف ہیں۔ ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔ یہ راگ الاپ رہے تھے کہ کسی نے گولی نہیں چلائی۔ جن کو قتل کیا، جن کو شہید کیا ان کی فیملیز پر پریشر ڈالا جارہا ہے۔ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ثبوت مٹا دیے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: ’جمہوریت میں مذاکرات ہی سیاسی مسائل کا واحد حل ہیں‘ مذاکراتی کمیٹیوں کا پہلا ان کیمرہ اجلاس جاری
عارف علوی کا کہنا تھا کہ صحافت کے اوپر بڑا پریشر ہے۔ آپ سچ بول نہیں سکتے، سچ پہنچا نہیں سکتے۔ صحافی اور مبصرین عوام تک حقیقت نہیں پہنچا رہے۔ سوشل میڈیا پر معلومات پہنچائی جا رہی ہیں۔ سارا میڈیا بند تھا لیکن عوام نے بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔