پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ سویلین کا ملٹری ٹرائل عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ملٹری کورٹس کے فیصلوں کے خلاف تمام قانونی آپشنز استعمال کریں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ڈی چوک سانحے کے شہدا کے لواحقین کو اٹھایا جارہا ہے، ان سے زبردستی بیان دلوائے جاررہے ہیں، حکومتی وزرا شہدا کی لاشوں کا تمسخر اڑا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لوگوں نے فرض کرلیا کہ شاید پی ٹی آئی حکومت کے سامنے لیٹ گئی ہے، شیخ وقاص اکرم
انہوں نے کہا کہ ملٹری ٹرائل کے حوالے سے تمام قانونی آپشنز کو استعمال کیا جائے گا، حکومت کی معیشت کو تباہ کرنے کی سازش کو بھی ناکام بنائیں گے، اس پر یورپین یونین نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے ریمیٹنس سے ملک چل رہا ہے، حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے خلاف اقدامات سے گریز کرے۔
سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت سیاسی حریفوں کوختم کرنےکے لیے بین الاقوامی قوانین کوبھی ختم کرنےکو تیارہوگئی، حکومت انتقام میں مخالفین کوختم کررہی ہے،190 ملین پاؤنڈ کیس سیاسی انتقام، جس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا دینے کا منصوبہ ہے، کیس عالمی سطح پر بھی زیر بحث ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دیگر ججز کو بھی پشاور کی عدلیہ کی طرح فیصلے کرنے چاہییں، وقاص اکرم
شیخ وقاص اکرم نے کہا القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ ہونا تھا، فیصلہ مؤخر کیوں کیا گیا؟ ہمیں سمجھ نہیں آرہی کہ یہ فیصلہ کہاں لکھا جارہا ہے، یہ بریت کا کیس ہے اور اس میں کچھ نہیں ہے، یہ کیس سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے،عمران خان کو جھکانا اتنا آسان کام نہیں ہے، اس سارے معاملے میں عمران خان نے کوئی ذاتی فائدہ نہیں اتھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے سب سے بڑے لیڈر ہیں، ان کے ساتھ زیادتی عوام قبول نہیں کریں گے، سیاسی انتقام کے کیس میں عالمی رد عمل بھی آئے گا۔