شہتوت کا دانہ صحت کا خزانہ : حیران کن فوائد کے لیے شہتوت کھائیں

ہفتہ 15 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عام طور پر شہتوت کو دو اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ایک کو جنگلی اور دوسرے کو باغی کہا جاتا ہے۔ جنگلی شہتوت لمبائی سے پہچانا جاتا ہے جبکہ چھوٹا اور گول مول شہتوت باغی کہلاتا ہے۔ شہتوت کی زیادہ پیداوار جنوبی ایشیا میں ہوتی ہے۔ مختلف رنگ کے شہتوت کا ذائقہ کھٹا میٹھا ہوتا ہے۔

شہتوت میں پروٹین، وٹامن، کیلشیم، کاربوہائیڈریٹس، سوڈیم اور میگنیشیم موجود ہوتا ہے۔ اس میں آئرن اور فاسفورس بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، جو جسم میں خون کی گردش بڑھاتا اور آئرن کی کمی دور کرتا ہے۔

بلڈ پریشر کے لیے مفید:

بلڈپریشر کا بڑھنا امراض قلب، ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھاتا ہے اور شہتوت کھانے سے ان جان لیوا امراض کا خطرہ کم ہوسکتا ہے کیونکہ اس میں پوٹاشیم زیادہ جبکہ نمک کی کم سطح پائی جاتی ہے۔ اس خاصیت کی بناء پر شہتوت کھانے سے بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

اچھی نیند:

نیند کے مسائل جیسے بے خوابی کے علاج کے لیے روایتی چینی ادویات میں شہتوت کا استعمال کیا جاتا ہے۔ نہ صرف شہتوت بلکہ اس کا بیج فلیونوائیڈز، صابونین اور پولی سیکرائیڈ سے بھرپور ہوتے ہیں۔ صابونین ایسا جزو ہے جو پورے اعصابی نظام کو سکون پہنچا کر قدرتی طور پر جلد سونے میں مدد کرتا ہے۔

ذہنی بے چینی:

ذہنی اور اعصابی نظام کا معمول کے مطابق کام کرنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ پُرسکون رہیں۔ شہتوت میں ایسی خصوصیات موجود ہیں جو نہ صرف ذہنی سکون پہنچانے کا باعث بنتی بلکہ ذہن کی بے چینی میں کمی کا باعث بھی بنتی ہیں۔ اس کے اثرات ہارمونز کی سطح پر کام کرکے ذہن اور جسم کو سکون پہنچاتے ہیں۔

دیرینہ قبض سے نجات:

ایسے افراد جو دیرینہ قبض کا شکار ہوں ان کے لیے شہتوت کھانا ایک قدرتی علاج ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ ایسا مرض ہے جس کے بارے میں لوگ بات کرنے سے ہچکچاتے ہیں۔ تاہم اس کی وجہ سے معدے کی صحت کافی متاثر ہوتی ہے۔ شہتوتکھانا اس مسئلے سے نجات دلانے میں مدد دے سکتا ہے کیونکہ ان میں فائبر کی زائد مقدار موجود ہوتی ہے جو آنتوں اور ہاضمے کے کام کو بہتر کرتی ہے۔

ہڈیوں کی مضبوطی:

شہتوت کے ذریعے ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ شہتوت میں کیلشیم، فاسفورس اور آئرن جیسے اجزا کی موجودگی سے ہڈیاں مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ایسے افراد جنہیں ہڈیوں کی کمزوری کا سامنا ہے وہ شہتوت کھا کر ہڈیوں کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔

وٹامن سی کا خزانہ:

وٹامن سی غذاؤں کے ذریعے حاصل کیا جاتا ہے کیونکہ انسانی جسم وٹامن سی بنانے میں ناکام رہتا ہے۔ شہتوت ایسا پھل ہے جو وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے مالا مال ہے بالخصوص اس میں وٹامن سی کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ وٹامن سی جسم میں گردش کرنے والے فری ریڈیکلز کے خلاف مزاحمت کرتا اور جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط کرکے موسمی بیماریوں کو دور بھگاتا ہے۔

شہتوت کھانے کے دیگر فوائد:

بخار،نزلہ و زکام سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ اسے کھانے سے پیاس کم لگتی ہے۔ معدے کے لیے فائدہ مند ہے۔ پیٹ اور آنت کے کیڑے ختم ہو جاتے ہیں۔ نظام انہضام درست کرتا ہے۔ سانس کی نالیوں کی خرابیوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ پٹھوں کی مضبوطی کے لیے مفید ہے۔ یادداشت میں بہتری آتی ہے۔ جسم سے صفراوی مادوں (Bile substances)کے اخراج میں مدد ملتی ہے۔

شہتوت کے پتے:

شہتوت کے پتوں کے بھی کثیر فوائد ہیں، جن کا استعمال ایسے زخم کے لیے بھی مفید ہے جو ٹھیک نہ ہوتا ہو جبکہ یہ پھوڑے پھُنسی، کھانسی، دمہ، نکسیر، بالوں کا گرنا، کینسر، شوگر، ٹی بی، دل، گردے کے امراض میں بھی فائدہ پہنچاتا ہے۔ شہتوت کے پتوں کو پانی میں جوش دے کر نہانے سے بھی کئی امراض سے شفا ملتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp