محبت کی داستان پر بننے والی مشہور آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’رومیو اینڈ جولیٹ‘ فلم کی مرکزی اداکارہ اولیویا ہسی 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ اداکارہ 15 سال کی تھیں جب انہوں نے اور ان کے ساتھ مرکزی کردار لیونارڈ وائٹنگ نے ولیم شیکسپیئر کے سانحے پر بننے والی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم میں اداکاری کی تھی۔

ہفتہ کے روز خاندان کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ 1968 میں فرانکو زیفیریلی کی بنائی گئی فلم ’رومیو اینڈ جولیٹ‘ میں نوجوان جولیٹ کا کردار نبھانے والی اولیویا ہسی 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
اولیویا کے اہل خانہ نے ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ ’اولیویا ایک غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک تھیں، جن کے حسن اخلاق،دانشمندی اور مہربان روّیے نے ان تمام لوگوں اپنا گرویدہ بنا رکھا تھا، جو انہیں جانتے تھے۔

بیونس آئرس میں پیدا ہونے والی اولیویاہسی 15 سال کی تھیں جب انہوں نے اور لیونارڈ وائٹنگ کے ساتھ ولیم شیکسپیئر کے سانحے پر بننے والی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم میں مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے اداکاری کے جوہر دکھائے۔
سنہ 2023 میں دونوں اداکاروں نے اسٹوڈیو کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی تھی تاہم اسی سال کے آخر میں ایک جج نے مقدمہ خارج کر دیا تھا۔

2018 میں ایک انٹرویو میں اولیویا ہسی نے کہا تھا کہ ہر کوئی سوچتا ہے کہ وہ اتنے چھوٹے تھے کہ شاید انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔لیکن ہم بہت باخبر تھے، ہم دونوں ڈراما اسکولوں سے سیکھ کر آئے تھے ۔
لیونارڈ وائٹنگ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا ‘اولیویا بہت پریشان اور خوفزدہ بھی تھیں لیکن ہم ایک دوسرے سے بہت پیار کرتے تھے اور ہم نے ایک دوسرے کی مدد کی۔
ارجنٹائن کی اوپیرا گلوکارہ اور برطانوی لیگل سیکریٹری کے ہاں پیدا ہونے والی اولیویا ہسی 7 سال کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ بیونس آئرس سے لندن منتقل ہو گئی تھیں۔ انہوں نے اٹلیا کونٹی ڈراما اسکول میں تعلیم حاصل کی اور جب انہیں زفیریلی کی فلم میں کاسٹ کیا گیا تو وہ پہلے ہی ایک اداکارہ تھیں۔

اولیویا ہسی کو ان کی اداکاری کی وجہ سے ‘نیو اسٹار آف دی ایئر’ گولڈن گلوب ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا، بعد میں انہوں نے 1974 کی فلم بلیک کرسمس اور 1978 میں اگاتھا کرسٹی کی فلم ’ڈیتھ آن دی نیل‘ سمیت دیگر پروجیکٹس میں بھی کام کیا۔ان کے پسماندگان میں ان کے شوہر ڈیوڈ آئزلے، ان کے 3 بچے اور ایک پوتی شامل ہیں۔












