جواب تو بہت ہیں لیکن پارٹی نے بلاول بھٹو پر تنقید سے روکا ہوا ہے، عظمیٰ بخاری

منگل 31 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مجھے میری جماعت نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو پر تنقید کرنے سے روکا ہوا ہے ورنہ میرے پاس ان کی باتوں کے بہت سے جواب ہیں۔

وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو بیان بازی کر رہے ہیں مگر اس سے کوئی وزیر اعظم نہیں بن جاتا۔

’پہلے بھی انہوں نے بہت کچھ کہا تھا لیکن فنڈز ملنے پر خوش ہوگئے تھے‘

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو نے الیکشن سے پہلے بھی بہت کچھ کہا تھا اور پھر وزیر اعظم سے ملاقات ہوگئی اور فنڈز مل گئے جس کے بعد انہوں نے ہنسی خوشی رہنا شروع کردیا۔

’عمران خان کو بنی گالہ یا زمان پارک شفٹ کرنے کی آفر نہیں دی گئی‘

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کو بنی گالہ یا زمان پارک شفٹ کرنے کی حکومت کی جانب سے کوئی آفر نہیں دی گئی یہ پاکستان تحریک انصاف کے لوگوں کی باتیں اور وہ اس طرح کی باتیں پھیلاتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی عدالتوں سے ممکن ہوگی اس طرح کوئی رہائی نہیں ہوگی۔

’ملٹری تنصیبات پر حملہ کرنے والوں پر ریونیو کورٹ میں تو کیس چلنا نہیں تھا‘

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ملٹری کورٹس سے ان لوگوں کو سزائیں ہوئیں جنہوں نے ملٹری کورٹس پر حملہ کیا اب ملٹری تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کا کیس لینڈ ریونیو میں تو نہیں چل سکتا اور نہ ہی ان پر ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کا کیس چلنا تھا ظاہر ہے انہیں ملٹری کورٹس کا ہی سامنا کرنا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملٹری کورٹس سے ابھی جلاؤ گھیراؤ کی سزا ملی ہے بغاوت کی نہیں ملی۔

’کیپٹل ہل کیس میں سزائیں دینے والوں کو پاکستان میں انسانی حقوق یاد آگئے‘

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یورپ اور امریکا کا دوہرا معیار ہے وہ اپنے ملک میں کپیٹل ہل جیسے معاملات پر تو سزائیں دیتے ہیں اور پاکستان میں ان کو انسانی حقوق یاد آجاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرنیٹ سروس کی بندش اور سست روی پر بلاول بھٹو نے بھی سوال اٹھادیا

صوبائی وزیر اطلاعات نے طنزاً کہا کہ اگر یورپ یا امریکا والے ہم میں سے 2، 4  کو اجازت دے دیں ہم ان کی ملٹری تنصیبات پر حملے نہیں کرتے بلکہ ان کے پولیس اسٹیشن جاکر توڑ پھوڑ کرتے ہیں اس پر وہ ہمیں کچھ نہ کہیں اور وہاں ہمارے انسانی حقوق بھی سلامت رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپیٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کو وہاں کی عدالتیں 10,10 سال سزائیں دیتی ہیں  وہاں ٹھیک ہے اور یہاں غلط ہے؟

’حسین نواز کے بیٹے کی شادی پر پنجاب کابینہ سے کسی کو نہیں بلایا گیا‘

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز اپنے بھتیجے کی شادی پر بڑی خوبصورت لگ رہی تھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس شادی میں حسین نواز کے غیر ملکی مہمان آئے ہوئے تھے۔

مزید پڑھیے: غیرسیاسی خاتون جلسے جلوسوں کی منصوبہ بندی کرتی ہے، عظمیٰ بخاری کی بشریٰ بی بی پر تنقید

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز نے کابینہ اراکین کو شادی پر مدعو نہیں کیا تھا اس لیے میں بھی شادی میں نہیں گئی تاہم جنید صفدر کی شادی میں ہم گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp