القادر ٹرسٹ کیس، ماضی کے ریکارڈ سے لگ رہا ہے کہ عمران خان کو سزا ہوگی، سلمان اکرم راجا

پیر 30 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ ماضی کے مقدمات کے ریکارڈ سے لگ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں سزا سنائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت سے مذاکرات عمران خان کی تائید سے ہی جاری رہ سکتے ہیں، سلمان اکرم راجا

نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران سلمان اکرم راجا سے سوال کیا گیا کہ کیا عمران خان کو 6 جنوری کو سزا ہوجائے گی؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی کے ریکارڈ سے تو یہی لگ رہا ہے کہ انہیں سزا سنائی جائے گی، اڈیالہ جیل میں عمران خان پر جو کیسز ٹرائل کورٹ میں چلائے گئے ہیں، ان میں ان کو سزا ہی سنائی گئی ہے، یہ الگ بات کی دوسری عدالتوں میں یہ سزائیں ختم ہوجاتی ہیں لیکن جیل میں ٹرائل کا مقصد یہی ہے کہ عمران خان کو سزا جائے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، سرکاری وکلا نے بھی مانا کہ اس کیس سے سرکاری خزانے کو نقصان نہیں ہوا ہے نہ عمران خان کو کوئی فائدہ ہوا، برطانیہ میں یہ ثابت ہی نہیں ہوا تھا کہ یہ پیسہ پاکستان کا ہے، اس کے باوجود یہ پیسہ پاکستان آیا اور ریاست پاکستان کے خزانے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نئی مشکل میں پھنس گئی، سلمان اکرم راجا کے بعد صاحبزادہ حامد رضا بھی مستعفی

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف مقدمات میں عدالتی نظام کو استعمال کیا گیا ہے، خواہ وہ عدت کا مقدمہ ہو، سائفر کیس ہو یا توشہ خانہ کیس ہو، یہ تمام مقدمات کو عمران خان کو دباؤ میں لانے کے لیے استعمال کیا گیا، لیکن عمران خان بالکل دباؤ میں آںے والے نہیں ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان بالکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں نہ ان کا مقصد اب کسی عہدے کا حصول ہے، عمران خان نے واضح کہا ہے کہ ان کا مقصد اب حکومت حاصل کرنا یا وزیراعظم بننا نہیں ہے، ہم پاکستان کی ساخت جو بن چکی ہے جبر اور خوف کی بنیاد پر، اس کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

’نواز شریف آصف زرداری اور عمران خان کو اکٹھا کردیں تو 70 سال کے مسائل کا حل نکل آئے گا‘

آج عمران خان سے ملاقات میں میاں نواز شریف کا ذکر آیا، اور یہ ذکر رانا ثنااللہ کی اس تجویز کے تناظر میں آیا کہ اگر نواز شریف آصف زرداری اور عمران خان کو اکٹھا کردیں تو 70 سال کے مسائل کا حل نکل آئے گا، اس پر عمران خان نے کیا جواب دیا؟ اس سوال کے جواب میں سلمان اکرم راجا نے کہا ’میری موجودگی میں یہ ذکر ہوا، عمران خان نے یہی کہا کہ کیا وہ ہمارے ہم خیال ہیں، کیا وہ کچھ کرنا چاہتے ہیں جو ہم کرنا چاہ رہے ہیں، کیا انہوں نے اپنے آپ کو اس قابل چھوڑا ہے کہ وہ کھڑے ہوسکیں کسی اصول پر۔‘

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی بنائی ہے، حکومتی ارکان سے ہم بات کریں گے، اگر نواز شریف سنجیدہ ہیں تو حکومتی ارکان مذاکرات میں بات کریں کہ وہ سنجیدہ ہیں اور ان معاملات پر بات کرنا چاہتے ہیں، وہ بات کریں کہ وہ اس ملک میں سیاسی اسپیس کو بڑھانا چاہتے ہیں، ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں اور اغوا کاری کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp