روزگار کی تلاش، ہزاروں کی تعداد میں بھارتی اسرائیل پہنچ گئے

بدھ 1 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل 7 اکتوبر 2023 کے  بعد فلسطینیوں کے اسرائیل میں داخلے کو کم سے کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسرائیل پر حماس کے حملوں کے بعد اسرائیلی وزارت دفاع نے فلسطینی مزدوروں کے اسرائیل میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔

حملے سے قبل 80000 فلسطینی شہری اسرائیل کے مختلف شہروں میں صرف تعمیرات کے شعبے سے منسلک تھے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان چھڑی جنگ میں جہاں ہزاروں فلسطینی شہید کردیے گئے، وہاں ہزاروں دوسرے فلسطینیوں پر روزگار اور ملازمتوں کے مواقع بند ہوئے۔

اسرائیل میں فلسطینی مزدوروں کے داخلے پر پابندی کے بعد متعدد شعبوں میں ان کی جگہ بھارتی شہریوں نے لے لی ہے۔ واضح رہے کہ ان حملوں سے قبل بھی اسرائیل میں بڑی تعداد میں بھارتی شہری روزگار کے سلسلے میں موجود رہے ہیں۔

اسرائیلی حکام نے اب تک ہزاروں بھارتی مزدوروں کو اپنے ملک میں کام کے لیے آنے پر خوش آمدید کہا ہے جب کہ مستقبل میں مزید بھارتیوں کے آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے حملوں کے بعد سے اب تک 16000 بھارتی مزدروں نے اسرائیل میں مختلف پراجیکٹس میں فلسطینی شہریوں کی جگہ لے لی ہے۔

پچھلے ایک سال سے کام کے لیے اسرائیل آنے والے بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد مختلف تعمیراتی پراجیکٹس بالخصوص رہائشی مکانات کی تعمیر میں کام کررہی ہے۔ اسرائیل کی آبادی اس وقت سالانہ 2 فیصد کے تناسب سے بڑھ رہی ہے اس لیے وہاں ہاؤسنگ سوسائٹیز اور گھروں کی طلب زیادہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 7اکتوبر کے حملوں سے قبل اسرائیل میں تعمیرات کے شعبے میں کام کرنے والے فلسطینیوں کی کل تعداد کا اب تک ایک قلیل حصہ ہی پُر کیا گیا ہے اس لیے 16000 بھارتیوں کے اسرائیل آنے کے باوجود تعمیرات کے شعبے میں ہزاروں مزدوروں کی مزید ضرورت ہے جسے پورا کرنے کے لیے اسرائیل کو مزید بھارتیوں کی ضرورت ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp