ڈیوڈ وارنر بھی پی ایس ایل 10 میں طوفان برپا کرنے کے لیے تیار، رجسٹریشن کرا لی

بدھ 1 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا کے سابق اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 10 کے لیے دستیاب ہوں گے، ایونٹ کے لیے رجسٹریشن کرانے والے وہ 23ویں کھلاڑی ہیں۔

ڈیوڈ وارنر کی پی ایس ایل 10 کے لیے دستیابی کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ اور لیگ کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل کی جانب سے کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل 10 میں رجسٹریشن کے بعد ڈیوڈ وارنر نے اپنے ہم وطن کھلاڑیوں عثمان خواجہ، میتھیو شارٹ، شان ایبٹ اور ایلکس کیری کے علاوہ مختلف ممالک کے دیگر پلیئرز کو جوائن کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 10: مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگری کی تجدید کردی گئی

اپنے بین الاقوامی کیریئر میں ڈیوڈ وارنر نے 112 ٹیسٹ اور 161 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بالترتیب 8786 اور 6932 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے 110 ٹی20 میچز میں ایک سینچری اور 28 نصف سینچریوں کے ساتھ 3277 رنز بنائے۔

ڈیوڈ وارنر کے علاوہ ڈیرل مچل، حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے کیوی فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی اور جارح مزاج بلے باز مارٹن گپٹل بھی پی ایس ایل 10 کے لیے اپنی رجسٹریشن کرا چکے ہیں اور تینوں نامور کرکٹرز نے ڈرافٹس میں اپنی آمد کی تصدیق کردی ہے۔ علاوہ زیں، انگلینڈ کے جارح مزاج اوپنر جیسن رائے، ڈیوڈ ملان، فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی، سیم کرن اور ٹام کوہلر بھی ڈرافٹس میں شامل ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2025 کا انعقاد کب اور کہاں ہوگا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

خیال رہے کہ پی سی بی نے غیرملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا آغاز رواں ماہ کیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا پلیئرز ڈرافٹ 11 جنوری کو بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ہوگا۔ پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن اپریل میں ہوگا۔

پی سی بی کے اعلان کردہ پک آرڈر کے مطابق، لاہور قلندرز کو پلاٹینم کیٹیگری میں پہلی کھلاڑیوں کے انتخاب کا موقع ملے گا، اس کے بعد کراچی کنگز کو یہ موقع دیا جائے گا۔ بعدازاں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، ملتان سلطانز کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی، سب سے آخر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی باری آئے گی۔

پی ایس ایل کے لیے رجسٹرڈ غیر ملکی کھلاڑی

ڈیوڈ وارنر (آسٹریلیا)، ٹم ساؤتھی (نیوزی لینڈ)، مارٹن گپٹل (نیوزی لینڈ)، رسی وین ڈیر ڈوسن (جنوبی افریقہ)، میتھیو شارٹ (آسٹریلیا)، گڈاکیش موٹی (ویسٹ انڈیز)، ایلکس ہیلز (انگلینڈ)، لیوک ووڈ (انگلینڈ)، شان ایبٹ (آسٹریلیا)، ایلکس کیری (آسٹریلیا)، عثمان خواجہ (آسٹریلیا)، کوربن بوش (جنوبی افریقہ)، ریلی روسو (جنوبی افریقہ)، کولن منرو (نیوزی لینڈ)، ڈیرل مچل (نیوزی لینڈ)، ٹام کوہلر کیڈمور (انگلینڈ)، ٹام کرن (انگلینڈ)، ڈیوڈ ولی ( انگلینڈ)، ڈیوڈ ملان (انگلینڈ)، جیسن رائے (انگلینڈ)، شکیب الحسن (بنگلہ دیش)، مستفیض الرحمان (بنگلہ دیش) اور سکندر رضا (زمبابوے)۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp