خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم کے معاملے پر ہونے والے گرینڈ جرگے میں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کرم میں قیام امن کے لیے جاری گرینڈ جرگہ ختم، فریقین کا سیز فائر پر اتفاق، معاہدے پر دستخط کردیے
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ ایک فریق کی جانب سے چند دن پہلے دستخط ہو گئے تھے جبکہ دوسرے نے آج (بدھ کو) دستخط کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ بنکرز کی مسماری اور بھاری اسلحے کی حوالگی پر دونوں فریقین متفق ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیے: کرم امن جرگہ: اسلحہ جمع کرانے پر تحفظات، کیا معاہدہ ممکن ہے؟
ترجمان کے پی حکومت نے کہا کہ ہم امن معاہدے کے دستخط پر اہلیان کرم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن معاہدے سے کرم میں امن اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ امن معاہدے پر دستخط سے معمولات زندگی جلد مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں قیام امن کے لیے 3 ہفتوں سے جاری گرینڈ جرگہ ختم ہوگیا ہے جس میں ایک دوسرے سے نبرد آزما دونوں قبائل کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا ہے۔
مزید پڑھیں: پارا چنار میں ادویات کی عدم دستیابی کے باعث بچوں کی ہلاکت: ’بچے تڑپ رہے ہیں، ہم کچھ نہیں کرسکتے‘
یاد رہے کہ کرم میں کچھ عرصے سے دو گروپوں کے درمیان آتشیں تصادم جاری تھا جس کے نتیجے میں دونوں جانب کے 200 سے زیادہ افراد موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔ کشیدگی کے باعث علاقے کی مرکزی شاہراہ بند ہونے سے عوام علاقے میں پھنس کر رہ گئے تھے اور اشیائے ضروریہ حتیٰ کہ ادویات بھی علاقے میں ناپید ہوچکی تھیں جس سے مریضوں خصوصاً بچوں کی ایک بڑی تعداد جان کی بازی ہارگئی تھی۔