بھارتی صحافی کی لاش سیپٹک ٹینک سے برآمد، معاملہ کیا ہے؟

پیر 6 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں میں ایک نوجوان صحافی کی لاش ایک سیپٹک ٹینک سے برآمد ہوئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق، 32 سالہ مکیش چندراکر نے مبینہ بدعنوانی کی خبر دی تھی اور وہ نئے سال کے پہلے دن لاپتا ہوگیا تھا، جس کے بعد اس کے اہل خانہ نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں خاتون ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے بعد نرس بھی زیادتی کا شکار

صحافی کی لاش جمعہ کو بیجاپور ٹاؤن کے علاقے میں سڑک کی تعمیر کرنے والے ایک ٹھیکیدار کے کمپاؤنڈ سے اس وقت برآمد ہوئی جب پولیس نے اس کے موبائل فون کو ٹریک کیا۔

پولیس نے مکیش چندراکر کے قتل کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں مبینہ طور پر اس کے 2 رشتہ دار بھی شامل ہیں۔ جبکہ کمپاؤنڈ کا مالک بھی اس کا رشتہ دار ہے جو تاحال فرار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فوجی افسر کی منگیتر پر پولیس کا جنسی تشدد، بھارت میں احتجاج کی آگ بھڑک اٹھی

بیجاپور پولیس 2 جنوری کو صحافی کی تلاش میں ٹھیکیدار کے کمپاؤنڈ تک آئی تھی لیکن سے وہاں نہ پاکر چلی گئی تھی، اگلے روز پولیس نے کمپاؤنڈ کو دوبارہ چیک کیا تو نئے تعمیر کردہ فرش کے نیچے بنائے گئے سیپٹک ٹینک سے صحافی کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مکیش کے جسم پر گہری چوٹوں اور تشدد کے نشان موجود تھے۔

بی بی سی کے مطابق، مکشن چندراکر ایک فری لانس صحافی تھا جو عموماً سرکاری تعمیراتی منصوبوں میں ہونے والی مبینہ کرپشن کی خبریں دیا کرتا تھا۔ اس کا ایک یوٹیوب چینل بھی تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی صحافی نے اسلام آباد کو ایشیا کا خوبصورت ترین شہر قرار دیدیا

مقامی صحافیوں اور صحافتی تنظیموں نے مکیشن چندراکر کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور حکومت سے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں بدعنوانی یا ماحولیاتی انحطاط پر رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں پر حملوں کے واقعات وقتاً فوقتاً پیش آتے رہتے ہیں۔ صحافتی تنظیم، رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کا کہنا ہے کہ بھارت صحافیوں کے لیے دنیا کا خطرناک ترین ملک ہے جہاں سالانہ 3 سے 4 صحافیوں کو ان کے کام کی وجہ سے قتل کردیا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp