سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے مقدمات کی کاز لسٹ منسوخ کردی

منگل 7 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے اگلے 3 روز کی کاز لسٹ منسوخ کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ آئینی بینچ نے اب تک کون سے اہم فیصلے کیے؟

اسسٹنٹ رجسٹرار سپریم کورٹ کے جاری اعلامیے کے مطابق آئینی بینچ نے آئندہ 3 دن کے مقدمات کی کاز لسٹ منسوخ کردی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی 8، 9 اور 10 جنوری کی جاری کاز لسٹ منسوخ کی جاتی ہے، ان تاریخوں کے تمام مقدمات ڈی لسٹ کیے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: آئینی بینچ کے سامنے 34 مقدمات سماعت کے لیے مقرر، اہم کیسز شامل

اعلامیے میں کاز لسٹ منسوخ کرنے کی وجوحات نہیں بتائی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے 6 سے 10 جنوری 2025 کی کاز لسٹ جاری کی تھی، 7 رکنی آئینی بینچ نے خصوصی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق درخواستوں پر سماعت 7 جنوری کو کرنی تھی، اس کے علاوہ 2005 میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کا کیس بھی 7 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا تھا جبکہ عدالت نے ایرا سمیت تمام فریقین،اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کررکھے تھے۔

آئینی بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 8 فروری کے عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق درخواست پر سماعت 8 جنوری کو کرنا تھی، جبکہ شیر افضل مروت کی انتخابی دھاندلی سے متعلق درخواست بھی 8 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر تھی، لاپتہ افراد کیس کی سماعت بھی 8 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر تھی۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب رولنگ نظر ثانی کیس پر 9 جنوری کو سماعت ہونا تھی جبکہ ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز کے صوابدیدی اختیارات کے خلاف درخواست اور طلبا تنظیموں پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت 10 جنوری کو مقرر تھی۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے 7رکنی آئینی بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل ، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp