اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان سے ایجنسیوں کی نگرانی کے بغیر ملاقات کرائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گفتگو اور عمران خان کی ٹوئٹ سے لگتا ہے یہ سیدھی بات نہیں کریں گے، رانا ثنااللہ
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان سے ملاقات کے لیے محفوظ اور نجی ماحول فراہم کیا جائے، ہماری موجودہ ملاقاتیں ایک محدود جگہ میں ہورہی ہیں، جہاں کیمرے اور سننے والے آلات نصب ہیں۔ ایسی ملاقاتیں بات چیت کی رازداری اور سالمیت کو متاثر کرتی ہیں۔
عمر ایوب نے کہاکہ نگرانی میں ملاقاتوں کی صورتحال ناقابل قبول ہے اور آزادانہ اور مؤثر انداز میں بات چیت کو کمزور کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان سے ایسی جگہ پر ملاقاتیں کروائی جائیں جہاں نگرانی کا کوئی خوف نہ ہو اور پرائیویسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان بات چیت کے دو دور ہوچکے ہیں، جس کے بعد تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ اب تیسرے اجلاس سے قبل ہماری عمران خان سے ملاقات کرائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کی رہائی، ہاؤس اریسٹ یا منتقلی پر حکومت سے کوئی بات نہیں ہوئی، بیرسٹر گوہر
اس سے قبل حکومت نے پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کرائی ہے، لیکن تحریک انصاف کا مؤقف ہے کہ ملاقات آزادانہ ماحول میں نہیں ہوسکی۔