لاس اینجلس کے تعمیرات سے متعلق اعلیٰ عہدیدار ایوان ڈی لا ٹورے نے آگ سے متاثرہ الٹاڈینا میں ملبے اور نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے دور کیا تو یہ سوال پیدا ہوا کہ انشورنس کمپنیاں اس پورے علاقے یا ایک محلے کی تعمیر نو کے اخراجات کو کیسے پورا کریں گی؟
لاس اینجلس کے سینکڑوں رہائشی جنگل میں پھیلی آگ کی تباہ کاریوں کی وجہ سے راکھ میں تبدیل ہوئے اپنے گھروں کی جانب واپس لوٹ رہے ہیں، انہیں خدشہ ہے کہ ان کی انشورنس پالیسیاں تعمیر نو کے اخراجات کا احاطہ نہیں کریں گی۔
32 سالہ ڈی لا ٹورے کا کہنا تھا کہ آگ خوفناک تباہی لے آئی ہے، ان کے چچا اور بہن دونوں لاس اینجلس کے شمال میں واقع مضافاتی علاقے الٹاڈینا میں لگنے والی آگ میں اپنا گھر کھو بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میری تشویش یہ ہے کہ انشورنس کمپنیاں تباہ حال مکانات کے تمام ’کلیمز‘ کو پورا کرنے میں ناکام رہیں گی۔
66 سالہ اداکار لیو فرینک سوم، جنہوں نے الٹاڈینا میں اپنا گھر کھو دیا، نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ انشورنس کمپنیاں معاوضے کے لیے ’کلیمز ‘ کی ادائیگی کے لیے اپنے پاؤں پیچھے کھینچ سکتی ہیں اور تعمیر نو کے پورے اخراجات کو پورا کرنے میں ناکام ہو سکتی ہیں۔
’ فرینک نے پاساڈینا میں عطیہ کردہ سامان سے بھری پارکنگ میں اپنی 96 سالہ ماں کے لیے شاور سیٹ تلاش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنا گھر دوبارہ تعمیر کریں گے، کوئی بھی ہمارا گھر یہاں سے نہیں لے جا رہا ہے‘۔
فرینک نے کہا کہ ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ بہت سے لوگوں کی انشورنس کی دستاویزات آگ میں جل کر خاکستر ہو گئیں ہیں، ’ہم خوش قسمت تھے کہ ہمارے پاس اب بھی ایک پالیسی ہے‘۔
واضح رہے کہ کیلیفورنیا میں لگنے والی آگ میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 10 ہزار سے زیادہ عمارتیں تباہ یا بری طرح تباہ ہو چکی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلیفورنیا کی نو بڑی گھریلو انشورنس کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا تو
اسٹیٹ فارم، نیشنل، آل اسٹیٹ، مرکری، لبرٹی میوچل اور فارمرز نے اپنے جوابات میں کہا کہ وہ پالیسی ہولڈرز کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ وہ متاثرین کے ’کلیمز‘میں ان کی مدد کر سکیں، تاکہ رہائشیوں کو مناسب ادائیگی نہ ملنے یا مستقبل میں بڑھتے ہوئے پریمیم کے بارے میں خدشات کو دور کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے آتشزدگی کے بعد کیلیفورنیا کے انشورنس کمشنر ریکارڈو لارا نے انشورنس کمپنیوں کی جانب سے پالیسی کی تجدید نہ کرنے اور ان کی منسوخی کو ایک سال کے لیے معطل کرنے کے اختیارات کا استعمال کیا تھا۔
لارا نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا کہ وہ اگلے ہفتے سانتا مونیکا اور پاساڈینا میں مفت انشورنس ورکشاپس کی میزبانی کریں گے۔ ادھر امریکی انشورنس کمپنیوں کے حصص میں کمی واقع ہوئی کیونکہ تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ آگ سے انشورنس کے اخراجات 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتے ہیں۔