وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات سے انکار کی کوئی بنیاد نہیں، یہ لوگ عمران خان کے ساتھ بھی مخلص نہیں۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مذاکرات والوں کو خود بھی معلوم تھا کہ اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، تحریک انصاف والے کسی بھی معاملے میں مخلص نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات ختم کیوں کیے؟ آپشنز کیا ہیں؟
انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور خود اعتراف کرچکے ہیں کہ ان کے لوگ گمراہ ہوئے، اب جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیوں کیا جارہا ہے، 9 مئی کو جن ملزمان کو سزائیں ہوئی ہیں انہوں نے اعتراف جرم کیا۔
خواجہ آصف نے کہاکہ ہماری پوری لیڈر شپ کو قید کیا گیا لیکن ہم نے کبھی ملک کے نقصان کا نہیں سوچا، جب میں جیل میں قید تھا تو صرف ایک کمبل دیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ساری دنیا میں سوشل میڈیا پر قدغنیں ہیں، امریکا جیسے ملک میں بھی ایسا ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کے معاملے پر غیرسنجیدہ ہے اس لیے بات چیت آگے نہیں بڑھ سکتی۔