بلوچستان کے 25 اضلاع میں اتوار کی صبح 8 بجے شروع ہونے والا ضمنی بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
اتوار کو بلوچستان کے 25 اضلاع کی 50 جنرل وارڈز کے لیے پولنگ ہوئی جس کے لیے مجموعی طور پر 60 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ 50 جنرل وارڈز کے ضمنی بلدیاتی انتخابی عمل میں کل 167 امیدواروں نے حصہ لیا۔
لوکل باڈیزالیکشن کمیشن کے مطابق ژوب، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، مستونگ اور پنجگور کی 4, 4جنرل نشستوں پر پولنگ ہوئی جبکہ کوہلو اورکچھی میں 3, 3 جبکہ پشین، شیرانی، ہرنائی، خضدار، سوراب اور لسبیلہ میں 2, 2جنرل نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوئی۔
اسی طرح چاغی، خاران، واشک، بارکھان، سبی، نصیرآباد، جعفرآباد، صحبت پور کی ایک ایک جنرل نشست کے لیے پولنگ ہوئی جبکہ قلات، حب، کیچ اورگوادرمیں بھی ایک ایک جنرل نشست پرووٹنگ کا عمل مکمل ہوا، پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔