نگر سے تعلق رکھنے والے شکاری حاجت علی نے ’ہمالین آئیبیکس‘ کی ٹرافی ہنٹنگ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
حاجت علی نے ٹرافی ہنٹنگ کا لائسنس لینے کے بعد ہی ہمالین آئبیکس کا شکار کیا ہے جس کے لیے انہوں نے 5 لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم بطور فیس ادا کی۔ اس لائسنس کے لیے وہ گزشتہ 2 سال سے کوشش کررہے تھے۔ حاجت علی کے مطابق، وہ 2 سال سے مارخور کے شکار کے لیے تلاش میں تھے اور آخر کار انہوں نے ہمالین آئبیکس کا شکار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان ٹرافی ہنٹنگ سیزن میں شکار بولیاں توقع سے کم، اب کیا ہوگا؟
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس شکار کے بعد وہ بہت خوش ہیں اور ان کی دلی مراد پوری ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ شکار کیے گئے ہمالین آئیبیکس کو صدر آصف علی زرداری کو بطور تحفہ پیش کرنا چاہتے ہیں۔

حاجت علی کا کہنا تھا، ’سیاست کے بادشاہ کو پہاڑ کا بادشاہ گفٹ کرنا چاہتا ہوں‘۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر خوب وائر ہورہا ہے جبکہ عوامی حلقوں میں بھی انہیں سراہا جارہا ہے کہ انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار نئے انداز میں کیا۔
آئیبیکس ہنٹنگ کو بعض افراد نے قانونی اور مقامی معیشت کے لیے فائدہ مند قرار دیا، کیونکہ گلگت بلتستان میں ہر سال ٹرافی ہنٹنگ کی بولیاں لگتی ہیں اور شکار ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی شکاری نے پاکستانی تاریخ کی سب سے زیادہ بولی دے کر مارخور شکار کرلیا
گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت مخصوص تعداد میں جانوروں کے شکار کی اجازت دی جاتی ہے، جس سے حاصل ہونے والی آمدنی کا بڑا حصہ مقامی کمیونٹی کو دیا جاتا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق، یہ پالیسی نایاب جنگلی حیات کے تحفظ میں معاون ثابت ہوئی ہے، کیونکہ اس سے غیرقانونی شکار میں کمی واقع ہوئی ہے۔














