آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی: پاک بھارت میچ کی تمام ٹکٹیں گھنٹے سے بھی کم وقت میں فروخت

پیر 3 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 متحدہ عرب امارات میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025  کے بھارت کے میچوں کے ٹکٹوں کی  فروخت شام 4 بجے شروع ہوئی جس کی تمام ٹکٹیں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں فروخت ہو گئیں، ادھر دبئی کے لیے پروازوں اور ہوٹلوں میں رہائش کے کرایوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے ٹکٹوں کی خریداری، قیمت اور مقام کی تفصیلات جاری

میڈیا رپورٹس کےمطابق دبئی میں جیسے ہی گھڑی پر 4 بجے پرجوش شائقین کرکٹ ٹکٹ خریدنے کے لیے پہلے سے ہی تیار بیٹھے تھے۔

ایک مداح کا کہنا تھا کہ صرف 2 منٹ کے اندر ہی اس نے خود کو قطار میں 111،000 سے زیادہ ٹکٹ خریدنے والے شائقین کے پیچھے پایا۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی اور27-2024 تک کے تمام ایونٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈل کا اعلان کر دیا

تقریباً ایک گھنٹے تک قطار میں کھڑے رہنے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کی ٹکٹیں بک کرانے کے خواہشمند شائقینِ کرکٹ کو کسی بھی کیٹیگری میں ٹکٹ کے حصول سے محروم ہونا پڑا ۔

شام 4 بج کر 56 منٹ تک دونوں حریف ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی تمام کیٹیگریز کی ٹکٹیں فروخت ہو چکی تھیں۔ ان میں پلاٹینم کیٹیگری بھی شامل ہے جس کی قیمت 2000 درہم اور گرینڈ لاؤنج کیٹیگری کی قیمت 5000 درہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی: پہلے 3 میچوں کے ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوگئے

شارجہ سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد شہری زرلیش کامل کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے پاکستان اور بھارت کے درمیان میدان میں ایک بھی میچ نہیں دیکھ پائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے جنون کی وجہ سے مجھے لمبی قطار میں کھڑا ہونا پڑا لیکن میں ٹکٹ ملنے کے لیے پرجوش تھی، گراؤنڈ کے اندر میچ دیکھنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ زرلیش کا کہنا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان دونوں کے میچ سے لطف اندوز ہونے کی منتظر ہیں۔

ٹکٹ بہت مہنگے تھے پھر بھی خریدنا چاہتی تھی

شارجہ سے تعلق رکھنے والی ایک بھارتی خاتون نمیتا انیش نے کہا کہ ٹکٹ بہت مہنگے تھے‘ کیونکہ قطار میں ان کی باری آنے پر کم قیمت والی کیٹیگری کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی20 ورلڈ کپ، پاک بھارت مقابلے کے لیے ٹکٹس ہزاروں ڈالرز تک پہنچ گئیں

انہوں نے کہا کہ وہ صرف بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کی ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں، نیوزی لینڈ بھارت کے بعد میری دوسری پسندیدہ ٹیم ہے۔ اگرچہ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ نہ دیکھ پانے پر مایوس ہوں ، لیکن میں واقعی خوش ہوں کہ مجھے نیوزی لینڈ اور بھارت کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

اگرچہ پاکستان ٹورنامنٹ کا باضابطہ میزبان ہے، لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے حکومت کے مشورے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دسمبر 2024 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کے میچوں کی میزبانی کے لیے دبئی کو نیوٹرل مقام قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھارت کے میچز کہاں ہونگے، فیصلہ ہوگیا

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 20 فروری کو بھارت بمقابلہ بنگلہ دیش، 23 فروری کو بھارت بمقابلہ پاکستان اور 2 مارچ کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 کھیلے جائیں گے۔

دبئی 4 مارچ کو پہلے سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا اور اگر بھارت فائنل میچ کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو فائنل 9 مارچ کو ہوگا۔

اگر بھارت ٹائٹل کے فیصلہ کن میچ کے لیے کوالیفائی نہیں کرتا تو لاہور میں پاکستان دوسرے سیمی فائنل اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا، افتتاحی میچ کراچی میں ہوگا

واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والے میچز کے لیے ٹکٹس کی فروخت کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے، جن میں جنرل اسٹینڈ کی قیمت 1000 پاکستانی روپے (13 درہم) اور پریمیم نشستیں 1500 پاکستانی روپے میں دستیاب تھیں۔

فضائی اور ہوٹل کرایوں میں اضافے کا امکان

دبئی میں چیمپئنز ٹرافی صرف شائقین کے لیے ایک ایونٹ نہیں ہے، اس کا اثر دیگر صنعتوں پر بھی پڑتا ہے، خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت، پاکستان اور کرکٹ سے محبت کرنے والے دیگر ممالک کے شائقین کی جانب سے دبئی کے لیے سفر کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد فضائی کرایوں میں 50 فیصد تک اضافے کا بھی امکان ہے۔ فضائی کرایوں میں اضافے کے علاوہ ہوٹل بھی تیزی سے بھر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp