چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھارت کے میچز کہاں ہونگے، فیصلہ ہوگیا

اتوار 22 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیمپینز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھارت کے میچز کس نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، اس حوالے سے فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ بورڈ کے سربراہ شیخ نیہان المبارک سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں وینیو کا معاملہ طے پاگیا ہے، چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے میچز کے لیے دبئی کو نیوٹرل وینیو کے طور پر فائنل کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا، افتتاحی میچ کراچی میں ہوگا

گزشتہ روز کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ میں بھارت کے میچوں کے لیے نیوٹرل وینیو کا فیصلہ اتوار تک ہوجائےگا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 19 دسمبر کو بھارت اور پاکستان کے آئی سی سی میچز کے لیے ہائبرڈ ماڈل کا اعلان کیا تھا، اعلامیے کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی کے علاوہ اگلے 3 سال تک پاکستان اور بھارت کے مابین میچز نیوٹرل مقامات پر کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی اور27-2024 تک کے تمام ایونٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈل کا اعلان کر دیا

آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل کے بعد چیمپیئنز ٹرافی کے تمام میچز کے شیڈول کا اعلان بھی کردیا ہے۔ شیڈول اور حالیہ فیصلے کے مطابق، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین میچ 23 فروری 2025 کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp