امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی جانب سے سرحد پرمنشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے 10 ہزار فوجی تعینات کرنے کے اعلان کے بعد میکسیکو پر نئے محصولات کے نفاذ کو ایک ماہ کے لیے مؤخر کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا کی جانب سے چین پر 10 فیصد ٹیرف ڈیوٹی عائد کرنے سے پاکستان کو کیا فائدہ مل سکتا ہے؟
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے اپنی شمالی سرحد کو مضبوط بنانے پررضامندی ظاہرکرتے ہوئے 10 ہزار فوجی دستے تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) February 3, 2025
کلاڈیا شین بام نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ معاہدے میں میکسیکو کا بھی ہتھیاروں کی اسمگلنگ کو روکنے کا عزم بھی شامل ہے۔ میکسیکو، چین اور کینیڈا پر امریکی محصولات کے اطلاق سے چند گھنٹے قبل دونوں رہنماؤں نے پیر کو فون پر بات چیت کی تھی۔
مزید پڑھیں: امریکی ٹیرف پالیسی کے خلاف کینیڈا، میکسیکو کا اتحاد، چین بھی کھل کر سامنے آگیا
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی تصدیق کرتے ہوئے محصولات کے نفاذ کو ایک ماہ کے لیے روکنے کا اعلان کیا اور کہا کہ دونوں ممالک ایک ماہ کے دوران معمالات کو مزید مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹروتھ سوشل ‘ پر لکھا کہ ‘میں صدر شین بام کے ساتھ ان مذاکرات میں شرکت کا منتظر ہوں کیونکہ ہم اپنے دونوں ممالک کے درمیان ایک ’معاہدے‘ پر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کی ریاست بن جائیں، ٹیرف ختم کردیں گے، ٹرمپ کی کینیڈا کو پیشکش
امریکی صدر نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’میں نے ابھی میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام سے بات کی، یہ بات چیت انتہائی دوستانہ ماحول میں تھی جس میں انہوں نے میکسیکو اور امریکا کو الگ کرنے والی سرحد پر فوری طور پر 10،000 میکسیکن فوجیوں کی فراہمی پر اتفاق کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ان فوجیوں کو خاص طور پر ہمارے ملک میں فینٹانل اور غیر قانونی تارکین وطن کے دراندازی کو روکنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔
ان کاکہنا تھا کہ ہم نے متوقع محصولات کو فوری طور پر ایک ماہ کی مدت کے لیے روکنے پر اتفاق کیا اس دوران ہم وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور میکسیکو کے اعلیٰ سطح کے نمائندوں کی سربراہی میں مذاکرات کریں گے۔
مزید پڑھیں: صدر ٹرمپ کا کولمبیا پر 25 فیصد محصولات سمیت پابندیوں کا اعلان
ٹرمپ کاکہنا تھا کہ میں صدر شین بام کے ساتھ ان مذاکرات میں شرکت کا منتظر ہوں کیونکہ ہم اپنے دونوں ممالک کے درمیان ایک ’معاہدہ‘ تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ادھر شین بام نے بھی ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارے پاس یہ ایک مہینہ کافی ہے، اس دوران ہم ایک دوسرے کو قائل کر سکیں گے اور مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا بہترین طریقہ ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا کے 3 بڑے تجارتی شراکت داروں کی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرنے کے اعلان کے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت میں یہ معاہدہ ان کی دوسری مدت کے صدارتی عہدے میں سخت فیصلوں کا نتیجہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گرین لینڈ کے باشندوں کا ٹرمپ کو منہ توڑ جواب
ٹرمپ نے پیر کو مزید کہا کہ انہوں نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے بات کی ہے اور وہ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر3 بجے دوبارہ بات کریں گے۔ کینیڈا اور چین پر محصولات منگل کی صبح 00:01 بجے شروع ہونے کے لیے تیارہیں جبکہ کینیڈا نے جوابی محصولات کا اعلان کیا ہے۔
اتوار کو واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ 27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین ان کا اگلا ہدف ہوگا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ کب ہوگا۔
ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ ’یورپی یونین کے ممالک ہماری گاڑیاں نہیں خریدتے، ہماری زرعی مصنوعات نہیں لیتے، وہ تقریباً کچھ بھی نہیں لیتے اور ہم ہیں کہ ان کو سب کچھ دیتے ہیں۔