اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے حزب المجاہدین کے رہنما بشیر احمد پیر عرف امتیاز عالم کے قتل کیس میں مجرم شاہ زیب نیئر عرف زیبی کو 2 مرتبہ سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔
عدالت نے مجرم شاہزیب کو قتل، دہشتگردی اور بھارتی خفیہ ایجنسی را سے فنڈنگ وصول کرنے کے الزام میں 11 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم بھی سنایا ہے جبکہ کیس میں نامزد دیگر 5 ملزمان کو انڈین ایجنسی را سے رابطے، فنڈنگ وصول کرنے اور دہشتگردی کے الزامات پر مجموعی طور پر 76 سال قید کی سزا بھی سنائی ہے۔
واضح رہے کہ ایک عرصے سے انڈین ہٹ لسٹ پر موجود حزب کمانڈ کونسل کے رکن بشیر احمد پیر کے والد اور بھائی کو انڈین آرمی نے مقبوضہ کشمیر میں قتل کر دیا تھا اور گھر جلا دیا تھا۔ جبکہ بشیر احمد پیر کو 20 فروری 2023 کو اسلام آباد کے علاقے برما ٹاؤن میں ٹارگٹ کلرز کے ذریعے قتل کردیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’را‘ کی پاکستان میں دہشت گردی کا بھارتی سوشل میڈیا پر اعتراف
عدالت نے راولپنڈی کے رہائشی شاہزیب نیئر عرف زیبی کو اسلام آباد میں حزب المجاہدین کے رہنما بشیر احمد کے قتل میں قصوروار قرار دے کر 2 بار سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔