پنجاب اسمبلی میں منعقد ہونے والی پہلی 2 روزہ ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا ریجنل سی پی اے کانفرنس کا آج باقاعدہ آغاز ہورہا ہے، تاہم اپوزیشن ارکان نے اس انٹرنیشنل کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کوئی بھی رکن پنجاب اسمبلی نہیں پہنچا۔ ذرائع کے مطابق، پارٹی کی ہدایت کے مطابق کوئی رکن اسمبلی کانفرنس میں احتجاجاً شریک نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، ملک احمد خان
دوسری جانب، ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کی سی پی اے کانفرنس میں شرکت کے لیے مندوبین کی پنجاب اسمبلی آمد جاری ہے، مہمانوں کے پہلے وفد کا سیکریٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب نے استقبال کیا، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی مہمانوں کے استقبال کے لیے اسمبلی پہنچ گئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں منعقد ہونے والی پہلی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا ریجنل سی پی اے کانفرنس میں شرکت کے لیے اسپیکر صوبائی اسمبلی سندھ اویس قادر شاہ کے علاوہ مزید 4 قومی اور بین الاقوامی پارلیمانی وفود لاہور پہنچ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ’اوو اوو’ کی آوازیں نکال کر احتجاج
پینانگ اسٹیٹ اسمبلی ملائشیا کے ڈپٹی اسپیکر داتو ازرول مہاتیر بن عزیزکی قیادت میں 4 رکنی پارلیمانی وفد، سی پی اے کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل جارویس مٹیا بھی کانفرنس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری بھی کانفرنس میں شرکت کے لیے اسمبلی پہنچ گئے ہیں۔
پارلیمنٹ آف مالدیوز کے ڈپٹی اسپیکر احمد ناظم کی قیادت میں اراکین اسمبلی سمیت 4 رکنی پارلیمانی وفد بھی لاہور پہنچ گیا ہے۔ اراکین پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ، رشدہ لودھی اور محمد احمد خان لغاری ملکی و غیرملکی وفود کا ترتپاک استقبال کررہے ہیں۔